Screenshot_2026_0830_215436

ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے نیٹ ورک نے 47 دن میں 20 ارب روپے مالیت کی زمین ٹھکانے لگا دی ،ایم ڈی اے کی تینوں اسکیموں میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی بولی میں من پسند افراد کو لانے کے لئے 50 ہزار روپے ناقابل واپسی بولی میں حصہ لینے والے افراد کے لئے فیس رکھی گئی اور 150 مختلف رقبے پر مشتمل پلاٹس کی زیادہ بولی لگانے والے افراد منظر عام سے ہٹ گئے اور من پسند افراد کو بولی سے بھی کم قیمت پر پلاٹ الاٹ کردئیے گئے ۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ اور ان کے فرنٹ مین کو گرفتار کر کے 2 کروڑ روپے ،بینکوں کی جعلی اسٹیمپ برآمد کرلیں ،ایم ڈی اے کے دفتر سے ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ۔ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی جعلی مہریں اور بینک چالان تیار کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف ہے جس پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔

واضح رہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں ایک گریڈ 21 کے افسر جو رواں برس عہدے سے ریٹائرڈ ہوا ہے وہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں قائم سسٹم کی سرپرستی کر رہا ہے اور یہ اب بھی جاری ہے اور رواں برس جس وقت وہ افسر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے ریٹائرڈ ہوا اسی ماہ اسے ملیر ڈویلپمنٹ کے شعبہ فنانس سے 58 لاکھ روپے ادا کئے گئے اور اس کے لئے اس افسر کو ایم ڈی اے میں انجنئیرنگ سے وابستہ افسر ظاہر کیا گیا جبکہ وہ افسر ایم ڈی اے کا ملازم نہیں رہا صرف سسٹم کی۔نگرانی پر مامور ہے ۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے کی کارروائی میں گرفتار وقاص سومرو ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں گریڈ 14 کے مبینہ طور پر جعلی ملازم ہیں اور 2012 سے ان کی ملازمتوں کا کیس نیب میں ہے اور ان کا ریکارڈ بھی نیب کی تحویل میں ہے اس کے باوجود ڈیپوٹیشن پر ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں تعینات کر کے گریڈ 18 کے عہدے پر تعینات کیا گیا اور ایم ڈی اے میں سسٹم کا حصہ بننے کے بعد وقاص سومرو کو ڈائریکٹر فنانس ،ڈائریکٹر لینڈ ،چیئرمین اکشن کمیٹی اور ایم ڈی اے کے تمام لینڈ ڈیپارٹمنٹ کا انچارج بنادیا گیا جس کے باعث یہ سسٹم سے مضبوط جڑ گیا ۔

ایم ڈی اے میں اس سسٹم سے جڑے وقاص وہاب شیخ ایم ڈی اے کی تمام اسکیموں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ ہیں اور یہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں رہنے والے سیکرٹری رحمت اللہ شیخ کے داماد بھی ہیں وقاص سومرو کے ساتھ گرفتار یامین کے ایم سی میں ڈسپیچ رائیڈر ہے اور کے ایم سی کے بجائے ایم ڈی اے میں سسٹم کا فرنٹ مین بن گیا جب کہ اس کی حاضری کے ایم سی میں لگ رہی تھی ۔

ایم ڈی اے کے اس مضبوط سسٹم میں عامر نامی پرائیوٹ شخص جو کہ وقاص سومرو کے ساتھ منسلک ہے وہ تیسر ٹاؤن جی تمام فائلوں کے معاملات دیکھ رہا ہے اسی طرح سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سیکرٹری رحمت اللہ شیخ کا قریبی عزیز مسعود شیخ تیسر ٹاؤن کی نئی فائلیں اور اسکین فائلیں تیار کرنے کا زمہ دار ہے ۔

ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ وقاص سومرو کا ایک اور فرنٹ مین ایدھن چانڈیو تیسر ٹاؤن کے رہائشی پلاٹس اور ایم ڈی اے کے کمرشل پلاٹس کی اسکین فائلیں تیار کرنے کا زمہ دار ہے جبکہ پرائیویٹ شخص منظور بھی وقاص سومرو کا فرنٹ مین اور تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کی جعلی فائلیں تیار کر رہا ہے ۔

ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ وقاص سومرو کا ایک اور پرائیوٹ فرنٹ مین محسن نیازی نیو ملیر اسکیم ،شاہ لطیف ،تیسر ٹاؤن اور ایم ڈی اے کے تمام آپشن والے پلاٹس کی فائلیں دیکھتا ہے اور یہ اصل ماسٹر مائنڈ تصور کیا جاتا ہے ۔

ایم ڈی اے کے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی کارروائی میں گرفتار وقاص سومرو اپنے فرنٹ مینوں کے زریعے تیسر ٹاؤن میں عام شہریوں سے فراڈ میں ملوث ہیں اور 2024 سے تیسر ٹاؤن میں عام افراد کو رہائشی و کمرشل پلاٹس کی جعلی فائلیں تھما کر کیش وصول کرتے ہیں اور بینکوں کی جعلی اسٹیمس لگا کر رسیدیں فراہم کر رہے ہیں اس فراڈ کا حصہ باقاعدہ سسٹم کو جارہا ہے ۔

ایم ڈی اے میں رواں سال 23 اور 24 ستمبر کو ہونے والے تینوں اسکیموں میں 150 کمرشل پلاٹس کی نیلامی میں اس سسٹم نے بڑھا ہاتھ مارا ہے اور قومی خزانے کو 20 ارب کے لگ بھگ کا نقصان پہنچا دیا ہے ۔

ایم ڈی اے کے رواں برس اس اکشن میں جان بوجھ کر نیلامی میں حصہ لینے والے افراد کو 50 ہزار روپے کی ناقابل واپسی فیس مقرر کی گئی جس کے باعث کم سے کم افراد نے اس نیلامی میں حصہ لیا اور اس نیلامی میں اپنے ان ہی من پسند افراد کو شامل کروایا گیا جنہوں نے پلاٹ کی زیادہ سے زیادہ بولی لگائی ۔

ایم ڈی اے کی اس نیلامی میں حصہ لینے والے ایسے افراد جنہوں نے زیادہ سے زیادہ پہلے اور دوسرے نمبر پر بولی لگوائی وہ افراد اچانک منظر سے غائب ہوگئے اور یہاں سے ان فرنٹ مینوں کا کام شروع ہوا اور کمرشل پلاٹوں کو بولی سے بھی کم ریٹ پر فروخت کرنا شروع کردیا اور ایک اندازے کے مطابق ایم ڈی اے کے اس سسٹم نے 47 دن 10 ارب روپے کے لگ بھگ مالیت کے پلاٹ جعلی اسٹیمس اور چالان پر فروخت کردئیے ہیں جس کی نقد رقم ایم ڈی اے کے دفتر کے باہر وصول کی جاتی ہے اور یہ رقم بینکنگ چینل کے بجائے کیش کی لین دین پر سسٹم کو منتقل ہوئی ہے ۔

ایم ڈی اے کے اس مضبوط سسٹم کی سرپرستی سابق ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے سعید صلاح جمانی ،سابق ڈائریکٹر جنرل بخش علی مہر کی مںینہ سرپرستی میں بھی ہوئی ہے اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے یاسین شر بلوچ اور وقاص سومرو کے درمیان رواں برس اس لئے ابتداء میں جھگڑا ہوا کہ دفتر میں کھلے عام جعلی اسٹیمس پر فائلیں فروخت کی جارہی تھیں جس پر اس سسٹم کو تنبیہ کی گئی کہ اس کام کو عام افراد سے بچا کر کیا جائے جس کے بعد اس سسٹم کی مبینہ طور پر صلح ہوگئی ۔

ایم ڈی اے کے 150 کمرشل پلاٹس کی بولی کے بعد فرنٹ مینوں کے زریعے گھومنے والی فائلوں پر ٹوکن کی وصولی پر بھی فائلیں مارکیٹ میں فروخت ہوئیں جس پر علیحدہ کمیشن وصول ہوا جیسے اہم ڈی اے اسکیم ون میں قریب ایک ایکڑ کے کمرشل پلاٹ کی بولی 25 کروڑ روپے لگی لیکن جس نے پہلے اور دوسرے نمبر پر بولی لگائی وہ دونوں افراد غائب ہوئے فرنٹ مینوں نے اس ہی پلاٹ کو 7 کروڑ میں مارکیٹ میں فروخت کیا جس کے ایڈوانس میں تین کروڑ کیش وصول کئے گئے اور پھر اسی ٹوکن پر یہ پلاٹ آگے فروخت بھی ہوگیا ۔ایم ڈی اے کے اکشن میں فروخت ہونے والے پلاٹس کا ایم ڈی اے کے ریکارڈ میں ڈیٹا بھی اسی لئے غائب ہے کہ اکشن کے بعد سے فائلیں ڈائریکٹر لینڈ کے قبضے میں رہیں اور نقد وصولی کا نظام ایم ڈی اے دفتر کے باہر موجود تھا ۔

قانون کے مطابق کسی بھی سرکاری محکمے میں نیلامی کی بولی جیتنے والا شخص پر منحصر ہے کہ وہ یکمشت بینکنگ چینل کے زریعے خریدی ہوئی چیز کی ادائیگی کرئے یا زیادہ سے زیادہ چار اقساط میں دو برس کے دوران بینکنگ چینل میں ہے آرڈر کے زریعے ادائیگیوں کا پابند ہے اور قانون میں یہ سہولت نیلامی میں حصہ لینے والے افراد کو دی گئی ہے ۔

ایف آئی اے کی کارروائی میں گرفتار دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور اس کیس کی تحقیقات میں سندھ کے سسٹم سے منسلک اہم شخصیات کے راز پس پردہ رہتے ہیں یہ سامنے آتے ہیں یہ ایک سوالیہ نشان ہے ؟۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے