ایف بی آر کراچی کے افسران کی ٹیکس قوانین پر گرفت کمزور، سیلز ٹیکس میں اوسط کارکردگی صرف 26 فیصد؛ انکم ٹیکس میں بھی بیشتر افسران قانونی فیصلے کرنے کے اہل نہیں نکلے۔
150 سیلز ٹیکس اور 143 انکم ٹیکس افسران کی صلاحیت جانچنے کے لیے خصوصی امتحان، صرف 15 افسران سیلز ٹیکس جبکہ 14 انکم ٹیکس کے معاملات پر اپنے دستخط سے قانونی احکامات جاری کرنے کے قابل قرار؛ دونوں شعبوں میں صرف 4 افسران مشترکہ طور پر فیصلہ سازی کی اہلیت رکھتے ہیں، کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز کی نگرانی اور جانچ کی صلاحیت پر بھی سنگین سوالات اٹھ گئے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کراچی میں تعینات ان لینڈ ریونیو افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ٹیکس قوانین پر گرفت اور قانونی فیصلے کرنے کی اہلیت سے متعلق ایک اہم تربیتی جائزے میں تشویش ناک نتائج سامنے آئے ہیں۔ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے 293 افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے منعقدہ دو خصوصی امتحانی نشستوں کے نتائج نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ گریڈ کے بیشتر افسران ٹیکس قوانین کے تحت مقدمات کا آزادانہ فیصلہ کرنے اور ماتحت افسران کے تیار کردہ قانونی احکامات کی مؤثر جانچ پڑتال کرنے کی مطلوبہ صلاحیت نہیں رکھتے۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے 150 جبکہ انکم ٹیکس کے 143 افسران نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے 139 افسران دونوں امتحانات میں شریک ہوئے۔ حیران کن طور پر سیلز ٹیکس کے صرف 15 افسران ایسے قرار پائے جو معمول کی نگرانی کے تحت اپنے دستخط سے قانونی حکم جاری کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، جبکہ انکم ٹیکس میں یہ تعداد صرف 14 رہی۔مزید اہم انکشاف یہ ہے کہ دونوں شعبوں کے امتحانات میں شریک 139 افسران میں سے صرف چار افسران ایسے تھے جو سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس دونوں میں آزادانہ طور پر قانونی فیصلے کرنے کے قابل قرار پائے۔
تربیتی ضروریات کے اس جائزے میں سیلز ٹیکس کے افسران کا اوسط اسکور صرف 26.4 فیصد رہا، جبکہ انکم ٹیکس کے افسران نے 33.3 فیصد اوسط اسکور حاصل کیا۔سیلز ٹیکس میں کوئی ایک افسر بھی 60 فیصد کا قابل قبول معیار حاصل نہیں کرسکا، جبکہ انکم ٹیکس میں صرف چار افسران یہ حد عبور کرنے میں کامیاب ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے 150 میں سے 47 افسران کا اسکور 20 فیصد سے بھی کم رہا، جبکہ انکم ٹیکس کے 143 افسران میں یہ تعداد 16 تھی۔یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ افسران کی ایک بڑی تعداد نہ صرف پیچیدہ قانونی معاملات میں کمزور ہے بلکہ بنیادی قانونی خامیوں کی نشاندہی اور ان کی وجوہات بیان کرنے میں بھی مشکلات کا شکار ہے۔
رپورٹ میں افسران کو ان کی عملی صلاحیت کے مطابق چار مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے کہ فیصلہ ساز افسر (Adjudicating Officer): ایسا افسر جو معمول کی نگرانی کے تحت اپنے دستخط سے قانونی حکم جاری کرسکے۔معاون افسر (Assisting Officer): ایسا افسر جو قانونی نوٹس اور احکامات تیار کرسکے، تاہم جاری کرنے سے قبل کسی اہل افسر کی جانچ ضروری ہو۔ڈیسک افسر (Desk Officer) ایسا افسر جو ریکارڈ، ریٹرنز، ٹیکس کی شرح اور قانونی حدود کی جانچ کرسکے، مگر متنازع مقدمات کے فیصلے نہ کرے۔فی الحال تعیناتی کے لیے غیر موزوں (Not Yet Deployable)ایسا افسر جسے مکمل دوبارہ تربیت کے بغیر مقدمات کی ذمہ داری نہیں دی جانی چاہیے۔
جائزے کے مطابق سیلز ٹیکس میں 65 اور انکم ٹیکس میں 72 افسران ایسے ہیں جو نوٹس اور احکامات کا ابتدائی مسودہ تیار کرسکتے ہیں، تاہم ان کے تیار کردہ دستاویزات کی کسی اہل افسر سے جانچ ضروری ہے۔دوسری جانب سیلز ٹیکس کے 21 اور انکم ٹیکس کے 28 افسران ہی ایسے نکلے جو کسی دوسرے افسر کے تیار کردہ قانونی حکم کا جائزہ لے کر اس میں موجود سنگین خامیوں کی نشاندہی اور اسے روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔دونوں ٹیکس شعبوں میں صرف آٹھ افسران ایسے ہیں جو قانونی احکامات کی مؤثر جانچ پڑتال کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ جن سینئر افسران کی بنیادی ذمہ داری ماتحت افسران کے تیار کردہ احکامات کی جانچ اور منظوری ہے، ان کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں پائی گئی۔کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے سیلز ٹیکس کے صرف چار جبکہ انکم ٹیکس کے چھ افسران دوسرے افسران کے احکامات کی مؤثر جانچ کرنے کے قابل قرار پائے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف گریڈز میں ڈپٹی کمشنرز کی مجموعی کارکردگی نسبتاً بہتر رہی، جبکہ کمشنرز، ایڈیشنل کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی اوسط کارکردگی تقریباً ایک جیسی رہی۔مزید یہ کہ سیلز ٹیکس میں 56 میں سے صرف چار اور انکم ٹیکس میں 53 میں سے صرف چھ کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز احکامات کی جانچ کی مطلوبہ صلاحیت رکھتے تھے۔
جائزے میں افسران کو سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے تین تین فرضی مقدمات پر مشتمل مسودہ احکامات فراہم کیے گئے تھے۔ ہر شعبے کے تین مقدمات میں مجموعی طور پر 36 دانستہ طور پر شامل کی گئی قانونی، انتظامی اور عدالتی نوعیت کی غلطیاں موجود تھیں۔
ان میں غلط تاریخیں، قانونی دفعات، ٹیکس کی شرح، اختیارات کا غلط استعمال، شواہد کے بغیر فیصلے، مقررہ مدت سے تجاوز اور شوکاز نوٹس سے آگے بڑھ کر احکامات جاری کرنا شامل تھا۔افسران کو ان غلطیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ یہ بھی بتانا تھا کہ متعلقہ حکم قانونی طور پر کیوں غلط ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس میں افسران کی جانب سے کی گئی مجموعی نشاندہیوں میں 31 فیصد اور انکم ٹیکس میں 24 فیصد ایسی غلطیوں کی نشاندہی تھی جو درحقیقت متعلقہ احکامات میں موجود ہی نہیں تھیں۔مزید تشویش ناک بات یہ ہے کہ دونوں امتحانات میں دانستہ طور پر شامل کی گئی متعدد غلطیوں کو افسران نے درست قرار دیا۔سیلز ٹیکس کے امتحان میں 122 جبکہ انکم ٹیکس میں 138 ایسی غلطیوں کی توثیق کی گئی جنہیں جان بوجھ کر غلط رکھا گیا تھا۔
رپورٹ میں افسران کی صلاحیت کو غلطیوں کی نوعیت کے اعتبار سے تین بنیادی حصوں میں تقسیم کیا گیا کہ دفتری اور ریکارڈ کی غلطیاں: تاریخوں، اعدادوشمار اور فائل کے ریکارڈ میں تضادات،قانونی غلطیاں: ٹیکس کی شرح، قانونی حدود، کٹوتیوں، ودہولڈنگ ٹیکس اور اپیل کی مدت سے متعلق غلطیاں،عدالتی اور فیصلہ سازی کی غلطیاں: قانونی اختیار، منصفانہ سماعت، شواہد، شوکاز نوٹس کی حدود اور مقررہ مدت کے اندر فیصلہ کرنے سے متعلق خامیاں دور کی جائیں۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس میں افسران نسبتاً آسان قانونی نکات کی نشاندہی کرسکے، تاہم جہاں کسی معاملے میں قانونی اختیار، شواہد اور عدالتی اصولوں کی بنیاد پر فیصلہ کرنا ضروری تھا، وہاں ان کی کارکردگی نمایاں طور پر گر گئی۔
خصوصاً سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 11G کے تحت مقررہ مدت کے بعد حکم جاری کرنے، شوکاز نوٹس سے تجاوز، نوٹس جاری کرنے کے قانونی اختیار اور ٹھوس شواہد کے بغیر ٹیکس چوری کا نتیجہ اخذ کرنے جیسے معاملات میں افسران کی کارکردگی کمزور رہی۔انکم ٹیکس کے افسران نے ان معاملات میں نسبتاً بہتر کارکردگی دکھائی، تاہم شواہد کی بنیاد پر بڑے ٹیکس اضافوں کا جائزہ لینے میں ان کی صلاحیت بھی تسلی بخش نہیں پائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق تین سیلز ٹیکس احکامات میں مجموعی طور پر 439.6 ملین روپے یعنی تقریباً 43 کروڑ 96 لاکھ روپے کی قابل پیمائش مالیاتی غلطیاں موجود تھیں، جبکہ تین انکم ٹیکس احکامات میں یہ رقم 95.4 ملین روپے یعنی تقریباً 9 کروڑ 54 لاکھ روپے رہی۔سیلز ٹیکس کے ایک اوسط افسر کی صلاحیت کے مطابق ان غلطیوں میں سے صرف 27 فیصد کی اصلاح ممکن تھی، جبکہ انکم ٹیکس میں یہ شرح 46 فیصد رہی۔تاہم رپورٹ میں ایسی سنگین قانونی غلطیوں کو الگ شمار کیا گیا ہے جو پورے حکم کو کالعدم قرار دینے کا سبب بن سکتی ہیں۔
ان کے نتیجے میں تین سیلز ٹیکس احکامات کے تحت 557 ملین روپے یعنی 55 کروڑ 70 لاکھ روپے، جبکہ تین انکم ٹیکس احکامات کے تحت 164 ملین روپے یعنی 16 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مجموعی ڈیمانڈ قانونی خطرے سے دوچار ہوسکتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق فیصلہ سازی کی مکمل صلاحیت رکھنے والا افسر سیلز ٹیکس میں ہر 100 روپے کی غلطی میں سے تقریباً 71 روپے درست کرسکتا ہے، جبکہ معاون افسر صرف 34 روپے اور ڈیسک افسر 11 روپے کی اصلاح کرسکتا ہے۔انکم ٹیکس میں یہی شرح بالترتیب 70، 53 اور 27 روپے رہی۔
مختلف فیلڈ فارمیشنز کے تقابلی جائزے میں لارج ٹیکس پیئرز آفس (LTO) دونوں شعبوں میں سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی فارمیشن قرار دیا گیا۔ایل ٹی او میں سیلز ٹیکس کے افسران کا اوسط اسکور 29 فیصد اور انکم ٹیکس کا 37 فیصد رہا۔ڈپٹی کمشنرز ان لینڈ ریونیو (DCIR) دونوں ٹیکس شعبوں میں نسبتاً بہتر کارکردگی دکھانے والے گریڈ کے طور پر سامنے آئے۔
تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایل ٹی او کی برتری بنیادی طور پر وہاں تعینات ڈپٹی کمشنرز کی بہتر کارکردگی کا نتیجہ ہے، جبکہ سینئر افسران کی جانچ پڑتال کی صلاحیت دیگر فارمیشنز کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر نہیں۔آر ٹی اوز سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز میں بھی اعلیٰ سطح پر قانونی احکامات کی مؤثر جانچ کرنے والے افسران کی تعداد انتہائی محدود پائی گئی۔
دونوں امتحانات میں شریک 139 افسران کی مشترکہ کارکردگی کے جائزے میں صرف 25 افسران ایسے قرار پائے جن کی کارکردگی دونوں ٹیکس شعبوں میں اپنے ساتھی افسران کے مقابلے میں نسبتاً مضبوط تھی۔ان میں 14 ڈپٹی کمشنرز شامل تھے، جبکہ صرف دو کمشنرز اور دو ایڈیشنل کمشنرز اس گروپ کا حصہ تھے۔
رپورٹ میں مشترکہ کارکردگی کی بنیاد پر نمایاں افسران اسامہ امین ڈپٹی کمشنر،وسیم اللہ خان خٹک ڈپٹی کمشنر،عمران علی شیخ کمشنر،نورسحر ڈپٹی کمشنر،واثق مشتاق ڈپٹی کمشنر،شرجیل احمد ایڈیشنل کمشنر،محمد یعقوب ڈپٹی کمشنر،حیات عمر ملک،خان محمد ڈپٹی کمشنر،محسن احمد اسسٹنٹ کمشنر شامل ہیں ۔
ان میں اسامہ امین نے دونوں امتحانات کے مجموعی اوسط اسکور میں 53.8 فیصد کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ وسیم اللہ خان خٹک 53.6 فیصد کے ساتھ دوسرے اور عمران علی شیخ 53.2 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
رپورٹ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ یہ درجہ بندی ساتھی افسران کے مقابلے میں مہارت کی بنیاد پر ہے، نہ کہ مکمل پیشہ ورانہ اہلیت کا سرٹیفکیٹ۔ دونوں شعبوں میں کوئی بھی افسر 60 فیصد کا معیار بیک وقت حاصل نہیں کرسکا۔
اس جائزے میں صرف افسران کی کمزوریاں سامنے نہیں لائی گئیں بلکہ ان لینڈ ریونیو کے نظام میں بہتری کے لیے چھ بنیادی سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔اس مسئلے کو چند افسران یا جونیئر عملے کی کمزوری سمجھنے کے بجائے پورے کیڈر کی صلاحیت کا مسئلہ تسلیم کیا جائے۔افسران کو سب سے پہلے قانونی فیصلہ سازی، ٹیکس نوٹس جاری کرنے کے اختیارات، قانونی مدت اور منصفانہ سماعت کے اصولوں کی تربیت دی جائے۔بینک ڈپازٹس، پیداوار، منافع، شواہد اور متعلقہ اداروں کے لین دین کی بنیاد پر ٹیکس چوری کے تعین کی عملی تربیت فراہم کی جائے۔قانونی احکامات میں حقائق، متعلقہ قانونی دفعہ، مالیاتی اعدادوشمار اور فیصلے کی وجوہات واضح کرنے کی صلاحیت بہتر بنائی جائے۔اہل افسران کو دیگر افسران کے نوٹس اور احکامات کی جانچ کے لیے باقاعدہ ذمہ داریاں دی جائیں۔افسران کو صرف عہدے یا گریڈ ی بنیاد پر ذمہ داریاں دینے کے بجائے ان کی ثابت شدہ صلاحیت کے مطابق کام سونپا جائے، جبکہ کمزور کارکردگی والے افسران کو دوبارہ تربیت اور امتحان سے گزارا جائے۔
اس تبیتی جائزے کے نتائج نے ایف بی آر کراچی کے ان لینڈ ریونیو نظام میں نگرانی، قانونی فیصلہ سازی اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے کئی اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
اگر اعلیٰ گریڈ کے بیشتر افسران ٹیکس قوانین کے پیچیدہ معاملات میں آزادانہ فیصلے کرنے یا ماتحت عملے کے احکامات کی مؤثر جانچ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو ٹیکس دہندگان کے خلاف جاری ہونے والے احکامات کی قانونی حیثیت، اپیلوں میں محکمے کی کامیابی اور قومی خزانے کے تحفظ کی ذمہ داری کس طرح پوری کی جارہی ہے؟
کیا ایف بی آر کی انتظامیہ ان نتائج کی روشنی میں افسران کی تعیناتی، قانونی اختیارات اور فیصلہ سازی کے موجودہ نظام پر نظرثانی کرے گی یا یہ جائزہ بھی محض تربیتی دستاویز بن کر رہ جائے گا؟