کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملے نے ریٹائرڈ میجر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
مسافر کی شناخت ظاہر ہونے پر ایف آئی اے کے اعلی حکام کی دوڑیں لگ گئیں،ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ سیل کی نگرانی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی،ایک انسپکٹر ،دو اے ایس آئی ،سندھ پولیس کے ایس ایس یو سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے کانسٹیبل کو بھی معطل کر کے ایف آئی اے کراچی زونل آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔
رواں برس ایف آئی اے کراچی میں صرافہ بازار کارروائی کے بعد دوسرا بڑا واقعہ ہے جس میں افسر و اہلکاروں کو تشدد کہ شکایت پر معطل کیا گیا ہے ۔
اتوار 8 نومبر کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ڈیپارچر کے قریب مسافر کو درست معلومات اور مناسب رہنمائی فراہم نا کرنے پر مسافر اور ایف آئی اے امیگریشن حکام کے درمیان معمولی تلخ کلامی شروع ہوگئی اس دوران انٹرنیشنل ڈیپارچر پر موجود ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے مسافر کو پکڑ کر شفٹ انچارج کے کمرے میں منتقل کیا ۔
ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے کائونٹر سے کمرے میں منتقلی کے دوران مسافر کو تھپڑ مارے اور بعد ازاں کمرے میں لے جاکر تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران ایف آئی اے حکام نے مسافر کی دستاویزات دیکھیں تو انہیں معلوم ہوا کہ مسافر کا نام ملک طارق ہے اور وہ آرمی سے ریٹائرڈ میجر ہیں جس کے بعد ایف آئی اے حکام کی دوڑیں لگ گئیں ۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے فوری ائیرپورٹ پر موجود ڈیوٹی ڈاکٹر کو طلب کیا جس نے متاثرہ مسافر کا معائنہ کیا جس کے چہرے پر سوجن کے آثار نمایاں نشانات واضح تھے اس دوران مسافر نے سندھ پولیس کے اعلی افسران اور ایف آئی اے کے اعلی افسران سے رابطہ کیا اور اتوار کو ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ سیل کراچی ہارون ملک کی نگرانی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی اور امیگریشن کے ملوث افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ہونے والے امیگریشن حکام میں ایف آئی اے انسپکٹر ازین عباسی ،اے ایس آئی شفقت کولاچی،اے ایس آئی دانش بدر،سندھ پولیس کے اسپیشللائزڈ سیکورٹی یونٹ ایس ایس یو سے ڈیپوٹیشن پر ایف آئی اے امیگریشن آنے والے کانسٹیبل غلام نبی اور کانسٹیبل محمد حسن کو معطل کر کے اسی وقت ایف آئی اے زونل آفس کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی جہاں ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون ملک نے ان سے سوالات کئے اور بیان ریکارڈ کئے ۔
واضح رہے کہ متاثرہ مسافر اتوار کی شام کراچی ائیرپورٹ سے تاشقند کے لئے سینٹرم ائیر کی پرواز نمبر C6566 سے سفر کرنے سے قبل ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچا تھا جہاں یہ واقعہ پیش آیا بعد ازاں ایف آئی اے حکام نے متاثرہ مسافر کی امیگریشن کلئیرنس کی اور روانہ کردیا ۔
یاد رہے کہ رواں برس ایف آئی اے کراچی میں ایف آئی اے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے صرافہ بازار تشدد کے بعد دوسرا بڑا واقعہ ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شواہد کے طور پر موجود ہے اور ایف آئی اے حکام نے ملوث افسر و اہلکاروں کو معطل کر کے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے