28082251d839a7d

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کا گرینڈ آپریشن ملک میں سائبر کرائم کے خاتمے اور آئی ٹی انڈسٹری کے تحفظ کے لیے شروع کیا گیا تھا، لیکن حالیہ کارروائیوں نے ایک نیا سوال کھڑا کردیا ہے کہ کیا ادارہ واقعی غیر قانونی کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز کے خلاف کارروائی کررہا ہے یا اس کی ناقص تکنیکی تیاری کے باعث قانونی آئی ٹی کاروبار بھی خوف اور غیر یقینی کی زد میں آرہا ہے؟

پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری پہلے ہی عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ایسے وقت میں جب ملکی آئی ٹی برآمدات گزشتہ برس تقریباً ساڑھے چار ارب ڈالر تک پہنچنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے، این سی سی آئی اے کی حالیہ کارروائیوں نے قانونی کاروباری حلقوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ سوال یہ ہے کہ جس صنعت سے آئندہ چار برس میں 10 ارب ڈالر کی برآمدات کی توقع وابستہ کی جارہی ہے، کیا اس کے تحفظ کے لیے متعلقہ ادارے کے پاس مطلوبہ تکنیکی مہارت، تربیت اور واضح آپریشنل حکمت عملی موجود ہے؟

این سی سی آئی اے کے قیام کے بعد توقع تھی کہ سائبر کرائم کے بدلتے ہوئے منظرنامے سے نمٹنے کے لیے ادارے میں کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، نیٹ ورک سکیورٹی، ڈیجیٹل فرانزک اور سائبر انویسٹی گیشن کے ماہرین کو مرکزی کردار دیا جائے گا۔

لیکن ادارے کی تشکیل اور افسران کی تعیناتیوں کے بعد یہ سوال مسلسل اہمیت اختیار کرتا گیا کہ کیا تکنیکی مہارت رکھنے والے افسران کو فیصلہ سازی اور فیلڈ آپریشنز میں مناسب اہمیت دی جارہی ہے؟

سائبر کرائم کی تحقیقات محض کسی دفتر میں کمپیوٹر، سرور یا بڑی تعداد میں ملازمین کی موجودگی دیکھ کر نہیں کی جاسکتیں۔ ایک قانونی سافٹ ویئر ہاؤس اور غیر قانونی کال سینٹر کے درمیان فرق سمجھنے کے لیے کاروباری ماڈل، سافٹ ویئر کی نوعیت، ڈیٹا فلو، کلائنٹس، ادائیگیوں کے ذرائع، بین الاقوامی معاہدوں اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کا تکنیکی جائزہ ضروری ہے۔

اگر چھاپہ مار ٹیم کے پاس یہ بنیادی صلاحیت ہی موجود نہ ہو تو کارروائی کے دوران اصل ملزمان کی نشاندہی کے بجائے قانونی کاروبار بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

کراچی میں حالیہ کارروائیوں کے دوران ایک ایسے کال سینٹر پر چھاپے کا معاملہ سامنے آیا جسے وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے قانونی کاروبار کا سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔

اس کارروائی کے حوالے سے یہ الزام بھی سامنے آیا کہ چھاپے کے دوران کمپنی کا سرٹیفکیٹ مبینہ طور پر پھاڑ دیا گیا۔ معاملے نے اس وقت مزید اہمیت اختیار کرلی جب کارروائی کے بعد ڈیپوٹیشن پر تعینات ایک افسر کا تبادلہ بھی کرنا پڑا۔

یہ واقعہ کئی بنیادی سوالات کو جنم دیتا ہے کہ اگر کسی کمپنی کے پاس متعلقہ حکومتی ادارے کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ موجود تھا تو چھاپے سے قبل اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق کیوں نہیں کی گئی؟ کیا این سی سی آئی اے نے وزارتِ آئی ٹی یا متعلقہ ریگولیٹری ادارے سے رابطہ کیا تھا؟ کیا کمپنی کے خلاف کوئی ٹھوس شکایت یا ڈیجیٹل شواہد موجود تھے؟

اور اگر کارروائی میں واقعی قانونی تقاضوں کو نظرانداز کیا گیا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟

یہ محض ایک کمپنی کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان میں کاروبار کرنے والی پوری آئی ٹی انڈسٹری کے لیے اعتماد اور تحفظ کا سوال ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کراچی میں ہونے والی کارروائیوں کے حوالے سے آئی ٹی انڈسٹری کے حلقوں میں یہ شکایات سامنے آئی ہیں کہ متعدد قانونی کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز نے ممکنہ کارروائیوں کے خوف سے اپنا کاروبار عارضی طور پر بند کردیا یا سرگرمیاں محدود کردیں۔

اس کے برعکس یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ مبینہ غیر قانونی کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز کے خلاف کارروائیوں میں وہ تسلسل کیوں نظر نہیں آیا جس کی توقع گرینڈ آپریشن سے وابستہ کی گئی تھی؟

اگر غیر قانونی نیٹ ورکس کی نشاندہی کے لیے انٹیلی جنس، تکنیکی نگرانی اور مالیاتی تحقیقات کا مؤثر نظام موجود ہے تو پھر ایسے کاروبار مسلسل کیسے فعال رہ سکتے ہیں؟

کیا ادارے کے پاس غیر قانونی کال سینٹرز کی نشاندہی کے لیے کوئی جامع ڈیٹا بیس موجود ہے؟ کیا مشکوک کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس، ڈیجیٹل ادائیگیوں، غیر ملکی کلائنٹس اور مالیاتی لین دین کا تجزیہ کیا جارہا ہے؟

یا پھر کارروائیوں کا زیادہ تر انحصار عمارتوں، دفاتر اور ملازمین کی موجودگی پر ہے؟

اس تحقیق کا ایک اہم اور حساس پہلو کراچی کے ایک مبینہ غیر قانونی سافٹ ویئر ہاؤس سے متعلق ہے، جس کے مالک کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ 2018 میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی کے دوران مقدمے میں نامزد ہونے کے باوجود قانونی کارروائی سے بچ گیا تھا۔

اب اسی شخص کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ اس نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں زمینوں کی خریداری، بلڈرز کے ساتھ بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری اور سونے کے کاروبار سے وابستہ سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

اب سوال یہاں صرف این سی سی آئی اے سے نہیں ہے یہ سوال قومی احتساب بیورو،ایف آئی اے ،اینٹی کرپشن ،پولیس
، ایف بی آر سے بھی بنتا ہے کہ کسی ایک ادارے نے تاحال سوال نہیں کیا کہ یہ رقم کس چینل سے آرہی ہے اور کیا یہ آئی ٹی انڈسٹری میں کالے دھن کو سفید کرنے کا طریقہ ہے جو ادارے کہ آنکھوں کے سامنے ہوتے ہوئے بھی نظر انداز ہے ۔

یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ اس نے اپنے مبینہ غیر قانونی سافٹ ویئر ہاؤسز کا انتظام ایک سابق آئی ٹی کمپنی کے افسر کے حوالے کردیا ہے۔

اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو اس معاملے کی باقاعدہ مالیاتی اور قانونی تحقیقات ضروری ہیں۔

اہم سوال یہ ہے کہ 2018 کے مقدمے میں نامزد شخص کے خلاف تحقیقات کہاں تک پہنچیں؟ کیا مقدمے کا فیصلہ ہوا؟ کیا اس کے کاروباری اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کی جانچ کی گئی؟ کیا موجودہ این سی سی آئی اے کے پاس اس نیٹ ورک سے متعلق سابقہ ریکارڈ موجود ہے؟

کسی شخص کے خلاف سابقہ مقدمے میں نامزدگی بذاتِ خود جرم ثابت نہیں کرتی، لیکن اگر اس کے خلاف نئے شواہد موجود ہیں تو ان کی بنیاد پر تحقیقات سے گریز بھی نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری میں ایسی کمپنیاں بھی موجود ہیں جو 2008 سے قانونی طور پر کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز چلارہی ہیں اور اب مصنوعی ذہانت (AI) سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی اپنا کاروبار وسعت دے رہی ہیں۔

ایسی کمپنیوں نے برسوں کی محنت، سرمایہ کاری، تربیت یافتہ افرادی قوت اور بین الاقوامی کلائنٹس کے ذریعے پاکستان کے لیے زرمبادلہ کمانے کا راستہ بنایا ہے۔

لیکن اگر قانونی کاروبار کرنے والی کمپنیاں بھی ہر وقت چھاپوں، کاروباری تعطل اور غیر یقینی صورتحال کے خدشات میں مبتلا رہیں تو بین الاقوامی کلائنٹس کا اعتماد برقرار رکھنا کس طرح ممکن ہوگا؟

کیا کوئی غیر ملکی سرمایہ کار ایسی مارکیٹ میں طویل المدتی سرمایہ کاری کرنا پسند کرے گا جہاں قانونی کاروبار اور مشکوک سرگرمیوں کے درمیان فرق واضح کرنے کا نظام ہی غیر مؤثر ہو؟

یہاں اصل سوال این سی سی آئی اے کے اختیارات کا نہیں بلکہ ان اختیارات کے استعمال میں تکنیکی قابلیت، شفافیت اور جواب دہی کا ہے۔

وفاقی حکومت اگر واقعی پاکستان کو علاقائی آئی ٹی حب بنانا چاہتی ہے اور آئندہ چار برس میں آئی ٹی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کرنا چاہتی ہے تو اسے سائبر کرائم کے خلاف کارروائیوں اور آئی ٹی انڈسٹری کے تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا ہوگا۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ تجربہ کار تکنیکی افسران کی خدمات مؤثر انداز میں حاصل کی جائیں۔ کمپیوٹر سائنس، ڈیجیٹل فرانزک، سائبر سکیورٹی اور سافٹ ویئر انڈسٹری کا عملی تجربہ رکھنے والے ماہرین کو فیلڈ آپریشنز اور تحقیقات میں شامل کیا جائے۔

کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں قانونی کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز کی رجسٹریشن، کاروباری سرگرمیوں اور تکنیکی نوعیت کا ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ کارروائی سے پہلے قانونی حیثیت کی تصدیق ممکن ہو۔

اس کے ساتھ غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے لیے واضح ایس او پیز بنائے جائیں اور ہر چھاپے کے بعد یہ بھی جانچا جائے کہ کارروائی درست معلومات اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کی گئی تھی یا نہیں؟۔

این سی سی آئی اے کے لیے سب سے بڑا چیلنج صرف بڑی تعداد میں چھاپے مارنا یا ملازمین کو گرفتار کرنا نہیں بلکہ اصل سائبر کرائم نیٹ ورکس تک پہنچنا ہے۔

ادارے کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس کی کارروائیاں محض دفتری سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ جدید سائبر جرائم، بین الاقوامی فراڈ، غیر قانونی ڈیجیٹل ادائیگیوں اور منظم مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف ٹھوس نتائج بھی دے رہی ہیں۔

اگر قانونی کمپنیاں کارروائیوں کے خوف سے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوں اور مبینہ غیر قانونی نیٹ ورکس کی نشاندہی اور تحقیقات میں تسلسل نظر نہ آئے تو گرینڈ آپریشن کی کامیابی پر سوالات اٹھنا فطری ہیں۔

سوال یہ ہے کہ این سی سی آئی اے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو عالمی مارکیٹ میں تحفظ اور اعتماد فراہم کرنے والا ادارہ بنے گا یا غیر واضح آپریشنل حکمت عملی کے باعث اسی صنعت کے لیے ایک نئی کاروباری غیر یقینی کا سبب بنے گا؟

کیونکہ سائبر کرائم کے خلاف جنگ میں تکنیکی مہارت کے بغیر کارروائی صرف اعدادوشمار بڑھا سکتی ہے، لیکن اصل مجرموں تک پہنچنے اور پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مہارت، شواہد اور جواب دہی ناگزیر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے