کراچی کی مرکزی شاہراہ فیصل پر واقع ٹیکنالوجی پارک کی جڑواں عمارتوں کی مالک کمپنی کے شیئرز کا تنازع ایک بار پھر سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے، جہاں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے نام 6,999 شیئرز (تقریباً 28 فیصد) کی منتقلی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالتی ریکارڈ میں جواب دہندہ نمبر 3 محمد زبیر ولد غلام عمر ہیں، جن کے بارے میں فریقین نے تصدیق کی ہے کہ وہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر ہی ہیں۔
درخواست گزار خاندان کا دعویٰ ہے کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد سید نذیر حسین شاہ نے اس منصوبے میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی، اور ان کا خاندان 2007 سے عدالتوں میں اپنے حق کے لیے قانونی جنگ لڑ رہا ہےاور سید نذیر حسین شاہ ایک برس قبل اسی عدالتی انصاف حاصل کرنے کی جنگ میں انتقال کرگئے ۔درخواست گزار فریق کا الزام ہے کہ محمد زبیر 2007 سے عمارت پر قابض ہیں، تاہم جواب دہندگان اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق محمد زبیر کا نام مئی 2025 میں کمپنی کے شیئر ہولڈرز میں ظاہر کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق 1998 کے شیئر ہولڈرز ایگریمنٹ میں، جس کی صحت کو خان گروپ چیلنج کرتا رہا ہے، "زبیر احمد، چیف فنانشل آفیسر آئی بی ایم” کو آئی بی ایم کے ساتھ کرایہ داری معاہدے میں سہولت کاری اور کمپنی کے اکاؤنٹس کی نگرانی کے عوض 5 فیصد حصص کا حقدار قرار دیا گیا۔ آئی بی ایم اس وقت ٹیکنالوجی پارک ٹاور میں کرایہ دار تھی۔
محمد زبیر نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور 2 فروری 2017 سے 3 اگست 2018 تک گورنر سندھ رہ چکے ہیں۔ درخواست گزار فریق کا الزام ہے کہ انہوں نے اس معاملے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا، تاہم اس الزام کے حق میں دستاویزی ثبوت سامنے نہیں آئے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں شیئرز کی خریداری کی ادائیگی یا ان کے اثاثوں میں ظاہر کیے جانے کا کوئی بینک یا مالیاتی ریکارڈ شامل نہیں۔ درخواست گزار فریق کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایس ای سی پی اور ایف آئی اے سمیت متعدد اداروں کو تحریری شکایات دیں، تاہم ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ عدالتی ریکارڈ میں 5 جون 2025 کو ایس ای سی پی کو بھیجا گیا اعتراضی خط موجود ہے۔
اس بارے میں محمد زبیر کو سوالات بھیجے گئے تاہم انہوں نے جواب نہیں دیا۔ شیر اسفندیار خان اور آفس اسپیس انتظامیہ سے بھی موقف کے لیے رابطہ کیا گیا۔اس ضمن میں تحقیقات ڈاٹ کام سے رابطہ کرنے پر شیر اسفندیار کا کہنا تھا کہ وہ خود 20 برس سے ایف ایم 107 کے مالک ہیں اور پاکستان میں اس طرح کے جھوٹے مقدمات ہوتے رہتے ہیں یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے اور سپریم کورٹ سے ان کے حق میں فیصلہ آیا ہے جس پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنے شئیرز سابق گورنر سندھ کو منتقل کئے اور ایف ایم 107 کے بھی اصل مالک محمد زبیر ہیں اور اس پر انہوں نے جواب دینے کے بجائے رابطہ منقطع کردیا ۔
دستاویزات کے مطابق آفس اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ 1997 میں قائم کی گئی۔ کمپنی کے قیام کا بنیادی مقصد شاہراہ فیصل، پلاٹ ST-8 پر کمرشل عمارتیں (ٹیکنالوجی پارک کی جڑواں عمارتیں) اور اعلیٰ معیار کے دفتری مقامات تعمیر کرنا تھا۔ کمپنی کے منصوبے میں ٹاور ون اور ٹاور ٹو شامل ہیں، جنہیں کرایے پر دینے یا فروخت کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
درخواست کے مطابق کمپنی کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ان کمرشل دفاتر سے حاصل ہونے والا کرایہ اور فروخت کی آمدنی ہے۔ اس لیے شیئر ہولڈنگ اور انتظامی کنٹرول کا تنازع محض حصص کی منتقلی تک محدود نہیں بلکہ کمپنی کے مالیاتی اور انتظامی معاملات سے بھی جڑا ہوا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے کمپنیز بینچ میں دائر جوڈیشل کمپنیز مسلینیئس نمبر 31/2025 میں نیلوفر شاہ اور رضا شاہ نے کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 126 کے تحت رجسٹر آف ممبرز کی درستگی اور مبینہ غیر قانونی شیئر ٹرانسفر کو کالعدم قرار دینے سمیت دیگر متعلقہ احکامات کی استدعا کی ہے۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ وہ کمپنی میں مجموعی طور پر 44 فیصد شیئر ہولڈنگ رکھتے ہیں، تاہم 6,999 شیئرز کی محمد زبیر کے نام منتقلی کے ذریعے کمپنی کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ درخواست میں بنیادی اعتراض 6,499 شیئرز کی ساجدہ نعیم سے اور مزید 500 شیئرز کی شیر اسفندیار خان سے محمد زبیر کے نام مبینہ منتقلی پر اٹھایا گیا ہے، جو درخواست گزاروں کے مطابق شیئر ہولڈرز کے قانونی حقوق اور کمپنی کے معاملات میں ان کے مفادات کو متاثر کرتی ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ 2007 سے شیئر ہولڈرز کے درمیان ملکیت اور انتظامی امور پر تنازعات موجود ہیں، لیکن مبینہ شیئر ٹرانسفر کو طویل عرصے تک سامنے نہیں لایا گیا اور 12 مئی 2025 کو ایس ای سی پی میں جمع کرائے گئے فارم 3 کے ذریعے اس کی اطلاع سامنے آئی۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ شیئر ہولڈرز کو نظرانداز کرکے ایک بیرونی شخص کے نام حصص منتقل کرنا اور اس کے ذریعے کمپنی میں اکثریتی کنٹرول حاصل کرنا قابلِ اعتراض ہے۔ انہوں نے مبینہ ٹرانسفر ڈیڈز، شیئر ہولڈنگ ریکارڈ اور کمپنی کے رجسٹر آف ممبرز کی قانونی حیثیت کو بھی چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں 15 اگست 2007 کی ٹرانسفر ڈیڈز اور 12 مئی 2025 کے فارم 3 کو خاص طور پر چیلنج کیا گیا ہے۔
2007 سے جاری اس تنازع میں سندھ ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے 2012 اور ڈویژن بینچ نے 2019 میں شاہ خاندان کے حق میں فیصلے دیے، تاہم سپریم کورٹ نے 8 مئی 2025 کو دونوں فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے فریقین کو سول عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ شاہ خاندان نے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
جولائی 2025 میں سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عبوری حکم کے ذریعے محمد زبیر کو اگلی تاریخ تک مبینہ شیئر ٹرانسفر کی بنیاد پر حاصل اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا۔ یہ حکم مقدمے میں ایک اہم عبوری پیش رفت تھی، تاہم اسے شیئر ٹرانسفر کے غیر قانونی ہونے کا حتمی عدالتی فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
دوسری جانب جواب دہندگان نے درخواست گزاروں کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 6,999 شیئرز کی منتقلی کوئی نئی کارروائی نہیں بلکہ 2007 میں مکمل ہونے والا معاملہ ہے۔ جواب دہندگان کے مطابق 30 جولائی 2007 کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مجوزہ منتقلی کی منظوری دی تھی، جبکہ 15 اگست 2007 کو شیئر ٹرانسفر ڈیڈز کی منظوری دی گئی۔ ان کے مطابق 6,499 شیئرز کی منتقلی ساجدہ نعیم کی جانب سے اور 500 شیئرز کی منتقلی شیر اسفندیار خان کی جانب سے کی گئی تھی۔
جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ 2007 میں سندھ ہائی کورٹ کے عبوری حکم کی وجہ سے محمد زبیر کا نام فوری طور پر رجسٹر آف ممبرز میں درج نہیں کیا جا سکا اور کمپنی نے معاملہ روک دیا تھا۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ کے 8 مئی 2025 کے فیصلے کے بعد 12 مئی 2025 کو ایس ای سی پی کو فارم 3 کے ذریعے منتقلی کی اطلاع دی گئی۔ جواب دہندگان کا یہ بھی مؤقف ہے کہ اس منتقلی سے درخواست گزاروں کی 44 فیصد شیئر ہولڈنگ متاثر نہیں ہوتی۔
جواب دہندگان نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ شیئرز کی قیمت 7 ہزار روپے فی شیئر ادا کی گئی تھی اور متعلقہ شیئر ہولڈرز کو خریداری کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ ان کا مؤقف ہے کہ درخواست گزاروں کو شیئر ٹرانسفر کا علم تھا، لہٰذا اب اٹھائے گئے اعتراضات قانونی طور پر قابلِ قبول نہیں۔ اس کے برعکس درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ وہ 2007 میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل تھے، اس کے باوجود انہیں ان ٹرانسفر ڈیڈز کا کبھی علم نہیں ہوا، جو کسی بھی سابقہ عدالتی کارروائی میں پیش نہیں کی گئیں۔
اس مقدمے کا اہم ترین پہلو کمپنی کے رجسٹر آف ممبرز، بورڈ میٹنگز کی کارروائی، شیئر ٹرانسفر ڈیڈز، ادائیگی کے ثبوت اور ایس ای سی پی میں جمع کرائے گئے فارم 3 کا باہمی تقابل ہے۔ عدالت کے سامنے بنیادی سوال یہ ہے کہ آیا 2007 میں منظور شدہ مبینہ شیئر ٹرانسفر تمام قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل ہوا تھا یا اس کی رجسٹریشن اور ریکارڈ میں اندراج کے عمل میں ایسے قانونی نقائص موجود ہیں جن کا جائزہ ضروری ہے۔ اسی طرح یہ سوال بھی اہم ہے کہ آیا درخواست گزاروں کو شیئرز کی خریداری کا مناسب موقع دیا گیا تھا اور کمپنی کے آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے تحت ان کے کسی حقِ ترجیح کو متاثر کیا گیا۔