جامعہ این ای ڈی برائے انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ماتحت تھر انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (ٹیسٹ)میں تعینات ایڈیشنل رجسٹرار پروٹوکول افسر کی حیثیت سے مبینہ طور پر جامعہ کراچی میں اضافی ڈیوٹی پر تعینات ہیں ،خالد محمود مخدوم گریڈ 5 میں 2006-7میں بھرتی ہوئے اور ترقی پاتے ہوئے گریڈ 17 کے ساتھ اپریل 2018 میں جامعہ این ای ڈی کی سینڈیکٹ نے ریگولر کردیا ،2020-21 میں تھر میں انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں ہر سال طلبہ وطالبات کی تعداد میں اضافے کے بجائے بتدریج کمی آرہی ہے اس انسٹیٹیوٹ میں وہ پروجیکٹ منیجر کی حیثیت سے تعینات ہیں لیکن ان کی ڈیوٹی جامعہ این ای ڈی کراچی میں رکھی گئی ہے اور وہ پروٹوکول افسر کی حیثیت سے جامعہ کراچی میں جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل محمد جوکھیو کے ساتھ اضافی ڈیوٹی پر مامور ہیں انہیں ان خدمات پر گریڈ 19 میں بھی ترقی دے دی گئی ہے جو از خود ایک سوالیہ نشان ہے۔
واضح رہے کہ گریڈ 5 سے گریڈ 17 میں مستقل ہونے والے خالد ؐمحمود مخدوم ملازمت کی ترقی کے سفر میں بھی تیز رفتار ہیں جو از خود ایک سوالیہ نشان ہے ک ایک شخص گریڈ 5 میں آیا اور 2018 میں گریڈ 17 میں ترقی ہوئی پھر کیسے 8 سال مین دو گریڈ اور ترقی کر گیا جس سے ان کی کارکردگی یقینی طور پر ظاہر ہوتی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خالد محمود مخدوم سابق وائس چانسلر این ای ڈی کے مبینہ طور پر انتہائی قریب سمجھے جاتے ہیں اور سابق وائس چانسلر کا اثر ورسوخ تاحال جامعہ کی انتظامیہ پر برقرار ہے جس کے باعث جامعہ این ای ڈی کی موجودہ انتظامیہ بھی خالد محمود مخدوم سے اس صورتحال پر بات نہیں کرتی ہے ۔
یاد رہے کہ جامعہ کراچی میں اس وقت وائس چانسلر جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل جوکھیو ہیں اور وہ جب جامعہ کراچی جاتے ہیں تو اپنے ساتھ گریڈ 19 میں تعینات خالد محمود مخدوم کو بحیثیت پروٹوکول افسر اپنے ہمراہ لے کر جاتے ہیں اور وہ ان کے گیٹ کے باہر بیٹھ جاتے ہیں ۔جامعہ این ای ڈی میں تعینات ہونے والے خالد محمود مخدوم گریجویٹ ہیں اور انہوں نے بیچلر آف آرٹس کیا ہے اس کے علاؤہ ان کی تعلیمی قابلیت نہیں ہے تاہم انہوں نے فوری ترقی سے اپنی قابلیت ظاہر کردی ہے ۔
جامعہ کراچی میں خالد محمود مخدوم غیر اعلانیہ طور پر وائس چانسلر کے کمرے کے باہر یا ایڈمن بلاک میں کسی بھی انتظامی افسر کے کمرے میں بیٹھ جاتے ہیں جس سے ان کے متعلق جامعہ کراچی میں چہ مگیوئیاں بھی زیادہ ہیں ۔جس سے ان کے جامعہ این ای ڈی میں عہدے پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔
اس حوالے سے تحقیقات ڈاٹ کام نے جامعہ این ای ڈی کے رجسٹرار غضنفر حسین سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ خالد محمود مخدوم تھر انسٹیٹیوٹ کے پروجیکٹ منیجر ہیں لیکن ان کی تعیناتی این ای ڈی کراچی میں ہے اور وہ پروٹوکول افسر ہی کی حیثیت سے جامعہ کراچی جاتے ہیں۔