fia_logo

کراچی کے مصروف ترین تجارتی مرکز صدر صرافہ بازار میں Federal Investigation Agency کے اینٹی کرپشن سرکل کی متنازع کارروائی نے نہ صرف تاجر برادری کو مشتعل کر دیا بلکہ ادارے کی پیشہ ورانہ ساکھ کو بھی شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

جیولری کی ایک دکان پر چھاپے کے دوران دکاندار اور گاہکوں سے مبینہ بدسلوکی اور تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایف آئی اے حکام سخت دباؤ کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی سنگینی کے پیش نظر Federal Investigation Agency Headquarters نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ تاہم، FIA Karachi Zone میں مبینہ طور پر کارروائی میں شامل افسران کو بچانے کے لیے وقت حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

وائرل ویڈیو میں ایک نجی شخص کو دکاندار پر ہاتھ اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شخص اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی مردان شاہ کے ساتھ دیکھا جاتا ہے اور ان کے ڈرائیور کی حیثیت سے بھی کبھی ملازمت کرتا ہے۔ اس حساس سوال پر کہ ایک نجی فرد سرکاری چھاپے میں کیسے شامل ہوا، ایف آئی اے کراچی نے تاحال کوئی وضاحت نہیں دی۔

صدر صرافہ بازار کے تاجروں اور دیگر تجارتی تنظیموں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کارروائی میں شامل تمام افسران کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔

جیولرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی منتظر مہدی نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ ادارہ اس ناخوشگوار واقعے پر شرمندہ ہے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، شفاف تحقیقات ہوں گی اور متاثرہ فریق سے باقاعدہ معذرت بھی کی جائے گی۔

تحقیقات ڈاٹ کام نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی سے درج ذیل سوالات کے جوابات طلب کیے کہ

کیا اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی مردان شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا؟

کیا کارروائی میں شامل دیگر افسران کو معطل کیا گیا؟

نجی شخص کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟

انکوائری رپورٹ کب مکمل ہوگی؟

تاہم منتظر مہدی نے ان سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات نہ ہوئیں تو کراچی میں ایف آئی اے کی جاری اور مستقبل کی کارروائیوں کی ساکھ مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ تاجر برادری کا اعتماد بحال کرنے کے لیے شفاف اور فوری کارروائی ناگزیر قرار دی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے