Screenshot_2026_0704_110302~2

حکومتِ سندھ کے محکمہ کوآپریٹو نے لکھنؤ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ، کراچی کے معاملات کی باضابطہ تحقیقات شروع کرتے ہوئے سوسائٹی کی انتظامیہ سے گزشتہ گیارہ برس کا مکمل مالی، انتظامی اور قانونی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

تحقیقات ڈاٹ کام کو حاصل ہونے والے سرکاری مراسلے کے مطابق، محکمہ کوآپریٹو کی مجاز اتھارٹی نے سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ اتھارٹی آرڈیننس 1982 کے سیکشن 6(1) کے تحت موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر انکوائری شروع کر دی ہے اور محکمہ کے انچارج ڈپٹی سیکریٹری کاشف علی کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔

سرکاری مراسلے میں لکھنؤ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے چیئرمین اور اعزازی سیکریٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 16 جون 2026 تک مطلوبہ تمام دستاویزات اور ریکارڈ بلا تاخیر فراہم کریں، جبکہ خط موصول ہونے کے بعد تین ورکنگ ڈیز کے اندر ریکارڈ جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ کوآپریٹو نے سوسائٹی سے بائی لاز اور ان میں کی گئی تمام ترامیم، تمام فیزز کی اراضی کے ٹائٹل دستاویزات، منظور شدہ لے آؤٹ پلان اور اس میں ہونے والی ترامیم، سوسائٹی کے تمام اراکین کی فہرست، الاٹ اور منسوخ کیے گئے پلاٹس کا مکمل ریکارڈ، سہولتی (Amenity) اور کمرشل پلاٹس کی تفصیلات، اراکین کو لیز پر دیے گئے پلاٹس کا ریکارڈ، تمام بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور مالی سال 2015 سے 2026 تک کے بینک اسٹیٹمنٹس طلب کیے ہیں۔

اس کے علاوہ تمام عدالتی مقدمات کی تفصیلات، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE)، قومی احتساب بیورو (NAB) یا وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کی جانب سے کی گئی کسی بھی انکوائری کی کارروائی کی نقول، تمام ٹینڈرز کی تفصیلات، متعلقہ اخباری اشتہارات اور SPPRA قواعد کے مطابق ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

محکمہ نے مزید مالی سال 2015 سے 2026 تک مینجنگ کمیٹی کے تمام ارکان کے نام اور رابطہ نمبرز، مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائی (Minutes)، سالانہ جنرل اجلاس (AGM) اور خصوصی جنرل اجلاسوں کی کارروائی، گزشتہ دس برس کے انتخابات کی تفصیلات اور رپورٹس، نیز گزشتہ دس سال کے آڈٹ رپورٹس بھی طلب کر لیے ہیں۔

سرکاری مراسلے میں واضح انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کیا گیا تو سوسائٹی کی انتظامیہ کے خلاف سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ اتھارٹی آرڈیننس 1982، سندھ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 2020 اور متعلقہ قواعد کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

مراسلے کی نقول سیکریٹری محکمہ کوآپریٹو حکومتِ سندھ اور رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز سندھ کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اس معاملے کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے