ایف بی آر، تحقیقات

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اور نااہل افسران کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

چئیرمین ایف بی آر کے حکم پر چیف کمشنر لارج ٹیکس یونٹ اسلام آباد یوسف حیدر شیخ کو معطل کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، یوسف حیدر شیخ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی حالیہ کارروائی ادارے کی اصلاحات کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے اور اس ضمن میں ایف بی آر کے گریڈ 20 گریڈ 21 اور گریڈ 22 کے افسران شامل ہیں جن کے نام اس فہرست میں شامل ہیں جن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور یہ افسران کراچی لاہور اور ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

ایف بی آر افسر کے مطابق ایسے افسران جو نااہلی اور مالی بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئی ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی اور معطلی کے ساتھ ملازمت سے برطرفی کی سزا بھی تجویز کی جاسکتی ہے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق نااہل اور کرپٹ افسران کے خلاف مرحلہ وار کارروائی کی جائے گی، پہلے مرحلے میں جس افسر کے خلاف شکایت موصول ہوئی اس کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کے بعد ابتدائی طور پر معطلی کا فیصلہ ہوگا اور پھر تحقیقات کے بعد ملازمت سے برطرفی اور مراعات واپس لینے کی تجاویز پر غور کے بعد سزا سنائی جائے گی ۔