فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے 12 گریڈ 21 کے افسران کا ایڈمن پول میں تبادلہ کردیا گیا جن کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا بھی امکان ہے، تبادلہ کئے گئے افسران میں ایف بی آر ممبر کسٹم ڈاکٹر فرید اقبال قریشی بھی شامل ہیں۔

ایف بی آر سیکرٹری ایچ آر وقاص احمد لانگا کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر گریڈ 21 کے 12 افسران کو اہم عہدوں سے ہٹا کر ایڈمن پول میں تعینات کردیا گیا یے۔

واضح رہے کہ ایڈمن پول میں تبادلے کا مقصد ایسے افسران کیخلاف خلاف ضابطہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے یا مالی بے ضابطگیوں کی شکایات پر کارروائی کے لئے انہیں ایڈمن پول تبادلہ کیا جاتا ہے اور ماضی میں اس کی نظیر بھی ملتی ہے۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق تبادلہ کئے گئے افسران میں گریڈ 21 کے افسر مکرم جا انصاری ،شاہ بانو جی ایم خان ،ڈاکٹر فرید اقبال قریشی،طارق مصطفی خان،احمد رؤف ،مرزا مبشر بیگ،حیدر علی دھاریجو،محمد اعظم شیخ ،محند سلیم ،عبدالواحد عقلی،افاق احمد قریشی اور خورشید احمد خان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں کسٹم میگا کرپشن اسکینڈل پر مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس مقدمے کی زد میں آنے والے کلکٹر سطح کے افسران ثاقب سعید ۔عثمان باجوہ ،عامر تھیم کو ایف بی آر نے ایڈمن پول تبادلہ کیا تھا جب کہ اسی مقدمے میں تبدیل کئے گئے ممبر کسٹم ایف بی آر ڈاکٹر فرید اقبال قریشی کا نام بھی شامل تھا لیکن اس کے باوجود ایف بی آر نے انہیں ممبر کسٹم کے عہدے پر تعینات کردیا تھا۔

اس دوران ڈاکٹر فرید اقبال قریشی سمیت دیگر افسران نے کسٹم کی خصوصی عدالت سے ایف آئی اے کے مقدمے میں اپنا نام ختم کرنے کی سفارش کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا اور نئی وفاقی حکومت کے وجود میں آنے کے بعد ایف بی آر میں مبینہ طور پر بے ضابطگیوں میں ملوث افسران کے خلاف فیصلہ کیا گیا تھا ۔

اس حوالے سے 23 اپریل کو ایف بی آر نے گریڈ 21 کے افسر یوسف حیدر شیخ کو بھی معطل کیا تھا اور ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کئے جانے کا بھی امکان ہے اس طرح گزشتہ ایک ہفتے میں 13 افسران کو اہم عہدوں سے ہٹا دیا گیا یے لیکن ان کے خلاف قانونی کارروائی کب ہوگی اس کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے یا ان افسران کو ایڈمن پول کی حد تک ہی محدود رکھا جائے گا اس کا فیصلہ ایف بی آر ہیڈکوارٹر نے کرنا یے ۔