Screenshot_2025_1024_124113

ایف آئی اے افسران کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں وردی کے استعمال اور اکاؤنٹس کے مبینہ طور پر مشکوک استعمال کی شکایات بڑھ گئیں ، مختلف حلقوں کی جانب سے متواتر شکایات کے بعد ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے پابندی عائد کردی ۔

حکومتِ پاکستان کے ماتحت فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) نے اپنے افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس حوالے سے جاری کردہ سرکاری مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بعض اہلکار ڈیوٹی کے دوران اور بعد میں وردی میں سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز اپلوڈ کر رہے تھے، جس پر ادارے نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مراسلہ کے مطابق کچھ افراد نے ایف آئی اے کے نام پر غیر مجاز سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بنا رکھے ہیں، جو کہ گورنمنٹ سرونٹس (Efficiency & Discipline) Rules اور محکمانہ SOP 2/2022 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی جانب سے جاری احکامات کے تحت کسی بھی افسر یا اہلکار کو وردی میں ڈیوٹی کے دوران یا بعد سوشل میڈیا پر تصاویر، ویڈیوز یا کوئی بھی مواد شیئر کرنے کی سختی سے ممانعت ہے۔(سوائے ان معاملات کے جو مجاز اتھارٹی کی اجازت سے آپریشنز یا گرفتاری کے دوران جاری کیے جائیں)۔

ایف آئی اے، اس کے ونگز، زونز یا دفاتر کے نام سے بغیر اجازت سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے اور چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

صرف ہیڈکوارٹرز اور زونل پی آر سیکشن کے مجاز افسران ہی آفیشل اکاؤنٹس کو ہینڈل کر سکیں گے۔

تمام اہلکار صرف ایف آئی اے کے آفیشل پلیٹ فارمز پر پہلے سے شائع شدہ مواد کو ہی شیئر یا ری پوسٹ کر سکیں گے۔

مراسلے میں تمام سینئر افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات کو اپنے ماتحت عملے تک فوری پہنچائیں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اہلکار کے خلاف ای اینڈ ڈی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ احکامات ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں، جس سے ادارے کے اندر نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے