
ریجنل ٹیکس آفس ٹو کراچی میں افسران کی مبینہ بے ضابطگیوں کو بچانے کے لئے ضبط شدہ مالیت سے کم اسمگل سگریٹ جلا دئیے گئے جس میں انوارمنٹل ایکٹ 2014 کی بھی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔
گزشتہ جمعرات کو نیپا چورنگی کے قریب ایف بی آر کے دفتر میں ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او)ٹو کی مختلف کارروائیوں میں ضبط اسمگل شدہ غیر رجسٹرڈ سگریٹس کو نذر آتش کردیا گیا ہے جس میں ماحولیاتی ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سیگریٹ سیکٹر میں ایف بی آر افسران مبینہ طور پر کسی بھی کارروائی میں ضبط شدہ سگریٹ 24 گھنٹے میں ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ ڈسٹریبیوٹرز کو واپس کردیتے ہیں جس سے بڑی سگریٹ کمپنیوں کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور قومی خزانہ بھاری ٹیکس وصولی سے محروم ہوتا ہے۔
ہاد رہے کہ سندھ میں جامشورو ،گھوٹکی خیبر پختونخوا میں پشاور اور اسلام آباد میں سگریٹ بنانے والی تین غیر رجسٹرڈ سگریٹ بنانے والے یونٹس ڈائریکٹر آف انٹیلی جنس و انوسٹیگیشن ان لینڈ ریونیو اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کے بعض افسران کے ساتھ ملی بھگت سے چلا رہے ہیں ۔
صرف ان تین یونٹس سے قومی خزانے کو ماہانہ 20 کروڑ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی مد میں نقصان ہورہا ہے جو سالانہ ڈھائی ارب کے لگ بھگ بنتا ہے۔