ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے میڈیا مالکان کے حوالہ نیٹ ورک کیس میں Z2C کے فنانس کنٹرولر افسر علی رضا کو بھی گرفتار کرلیا جس کی ضمانت کے لئے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ساؤتھ ٹو میں ضمانت کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے ۔


اس کیس میں ایف آئی اے کے مطلوب ملزمان کی فہرست میں Z2C کے سی سی او ریحان علی مرچنٹ ، ڈائریکٹر بائینگ Z2C حسین نقوی اور Hum News کے کمپنی سیکرٹری محسن نعیم بھی شامل ہے ۔
یاد رہے جب اس کیس کی تفتیش کا رخ میڈیا مارکیٹنگ کمپنی کی جانب گھوما تھا تو اس وقت ریحان علی مرچنٹ نے ایف آئی اے کے دوسرے نوٹس کے جواب میں اپنے وکلاء کے زریعے جواب جمع کرایا تھا اور تمام الزامات سے اپنے اپ کو بری الزمہ قرار دیا تھا جس سے ایف آئی اے حکام مطمئن نہیں تھے اور بعد ازاں انہیں طلب کیا گیا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے انکار کیا
ہم نیوز کے کمپنی سیکرٹری محسن نعیم کا جواز یہ پیش کیا گیا تھا کہ وہ دبئی میں ہیں اور اس وقت امریکہ ،اسرائیل اور ایران جنگ کے درمیان دبئی کے حالات کشیدہ تھے اور پروازیں معمول سے کم تھیں اس لئے اس وقت یہ جواز قبول کرلیا گیا تاہم اب صورتحال مختلف ہے لیکن وہ پاکستان تاحال نہیں آسکے ہیں۔



اب تازہ کارروائی میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے میڈیا مالکان کے حوالہ نیٹ ورک کا ایک اور اہم ملزم علی رضا کو Z2C کے مرکزی دفتر فورم مال سے گرفتار کرلیا ہے جو Z2C کا ہیڈ آف فنانس کے ساتھ فنانس کنٹرولر اور BLITZ Pvt LTD کا چیف فنانس افسر ہے اس مرکزی ملزم کی گرفتاری رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں پیش آئی تھی جس کی ضمانت کی درخواست ایڈوکیٹ عامر منسوب کے زریعے ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج کے روبرو ہوئی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔
ایف آئی اے کے ابتدائی چالان کے مطابق ملزم پر ایک کروڑ 5 لاکھ اماراتی درہم ،امریکی ڈالر امریکہ سنگاپور حوالہ کرنے کے الزامات ہیں ۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے رواں سال فروری میں حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی غیر قانونی فروخت کے الزام پر JS Bank کی زم زمہ اسٹریٹ برانچ پر چھاپہ مارا تھا جہاں 15 ہزار ڈالر کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ایریا منیجر جے ایس بینک نعمان رؤف کو دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کارروائی میں نعمان رؤف کے ذاتی موبائل فون میں Z2c کے حوالہ نیٹ ورک کا ڈیٹا موجود تھا جس کے بعد تحقیقات کا رخ میڈیا سیکٹر کی طرف مڑ گیا تھا۔
ایف آئی اے نے اس نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات شروع کیں تو ہولناک انکشافات سامنے آئے جس سے ایک نیا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔
ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق میڈیا مالکان کے منی لانڈرنگ نیٹ ورک کے کام کرنے کا کچھ حصہ اس کیس کی تفتیش میں سامنے آیا ہے جو مجموعی نیٹ ورک کا پانچ فیصد بھی نہیں بتایا جا رہا۔
ایف آئی اے کی تفتیش میں جب Z2c کی چھان بین شروع ہوئی تو معلوم ہوا کہ یہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنی ہے جس کا دبئی کی کمپنی Ten Sports Fze LLc کے ساتھ ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا معاہدہ ہوا، جس میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے مقابلوں کے دوران اشتہارات کا ٹائم پاکستان میں دکھانے کے لئے اور اشتہاری کمپنیوں کی خریداری کے لئے کیا گیا۔ تحقیقات میں ریکارڈ کی چھان بین ہوئی تو معلوم ہوا کہ فورم مال کی چوتھی منزل پر قائم Z2c کمپنی رجسٹرڈ ہے، اور اسی دفتر کے نام پر Pak Media Communication، Star Com، Tele Nest، Brain Child Communication اور Blitz نامی کمپنیوں کی بھی رجسٹریشن موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق Z2c نے معاہدہ Pak Media Communication اور Brain Child Communication کے زریعے Ten Sports Fze LLc کے ساتھ کیا، اور دبئی کی اس کمپنی کو Hum News Tv کی انتظامیہ غیر اعلانیہ تسلیم کرتی ہے۔ جس وقت یہ معاہدہ ہوا اس وقت Ten Sports Fze LLc نے Z2c کو کہا کہ مطلوبہ رقم پاکستان میں موجود ان کی کمپنی Tower Sports کو دے دی جائے، اور یہاں سے اصل کھیل شروع ہوا۔
ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق نعمان رؤف کے موبائل فون سے ملنے والے ڈیٹا کی بنیاد پر جب Z2c کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا تھا تو وہاں سے کمپنی کے چیف فنانس افسر فیصل الیاس کو گرفتار کیا گیاتھا ۔
منی لانڈرنگ کی اس تحقیقات میں Z2c کمپنی پر چھاپے کے دوران لیپ ٹاپ سے JS Bank کے زریعے حوالہ اور ڈالر کی غیر قانونی فروخت کا ایک نیا نیٹ ورک سامنے آیا تھا جس میں رائیڈار سری لنکا، نیپال، دبئی، سنگار پور کے موبائل نمبرز کا استعمال کرتے ہیں، جب کہ ان رائیڈرز کے استعمال میں پاکستانی نمبر موجود نہیں ہیں۔ ان کی تلاش جاری ہے اور ممکن ہے کہ جو نام لیپ ٹاپ سے ملے وہ ڈمی نام ہوں، لیکن ان نمبروں پر کال اور میسجز گفتگو موجود ہے۔
ریکارڈ کے مطابق جب Z2c کمپنی کو رقم کی منتقلی کرنا ہوتی ہے تو Hum News کے سیکرٹری محسن نعیم JS Bank کے ایریا منیجر نعمان رؤف سے رابطہ کرتے ہیں، پھر فرحان عرف راجو نامی رائیڈر جس کے زیر استعمال سری لنکا، سنگار پور، نیپال کی سیمیں ہیں یا بلال عرف منجو جس کے زیر استعمال دبئی کی سیمیں ہیں وہ آتا ہے اور رقم لے کر ڈیلیوری کرنے چلا جاتا ہے۔ یوں یہ نیٹ ورک خاموشی سے گزشتہ تین برس سے کام کر رہا ہے، جب کہ اب تک سامنے آنے والا ریکارڈ صرف رائیڈر کے میسجز کی بنیاد پر ہے اور دیگر کمپنیوں کے ریکارڈ کی چھان بین پر مزید معلومات سامنے آنے کا امکان ہے کہ اور کتنے برس سے یہ کام جاری ہے۔
اسی طرح تحقیقات میں Z2c کی پاکستان میں موجود ڈمی کمپنی Tower Sports کے زریعے Tech Partner اور Media Tech Solution کے اکاؤنٹس میں محسن نعیم کی ہدایت پر Z2c کے چیف فنانس افسر فیصل الیاس رقوم منتقل کرتے رہے۔ اس تحقیقات میں ایک ارب روپے مالیت کی رقوم غیر قانونی طریقے سے Ten Sports Fze LLc کے اکاؤنٹس کے بجائے پاکستان میں مختلف کمپنیوں کے اکاؤنٹس اور غیر ملکی سمز استعمال کرنے والے رائیڈرز کے زریعے تقسیم ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

۔واضح رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کو اس کیس میں Z2C کے سی ای او ریحان علی مرچنٹ ،ڈائریکٹر بائینگ حسین نقوی اور HUM News کے مارکیٹنگ سے منسلک محسن نعیم بھی مطلوب ہیں اور انہیں طلبی کے دو سے زائد مرتبہ نوٹس جاری بھی ہوچکے ہیں ۔
اس ضمن میں تحقیقات ڈاٹ کام کی جانب سے Z2C کی انتظامیہ سے حالیہ گرفتاری اور سی ای او کے ساتھ ڈائریکٹر بائینگ کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پوچھا گیا تاہم Z2C کی انتظامیہ نے جواب دینے سے گریز کیا اسی طرح Hum News کے کمپنی سیکرٹری محسن نعیم کی کب وطن واپسی ہوگی اور کب ایف آئی اے کی تحقیقات میں شامل ہوں گے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انتظامیہ نے گریز کیا۔