
ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ایکسپورٹ کراچی نے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کاغلط استعمال کر کے ایک ارب سے زائد کا سامان غیر قانونی طریقے سے فروخت کرنے اور 64کروڑ42لاکھ سے زائد مالیت کی ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری میں ملوث اے کے ٹریڈرز کے بظاہر مالک کو دبئی سے کراچی پہچنے پر کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا.
تاجروں کی سہولت کے لئے بنائی جانے والی ایکسپورٹ فیسلیشن اسکیم کا غلط فائدہ اٹھانے والوں اور اس کی سہولت کاری کے لئے کسٹم حکام کے خلاف تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے.
ای ایف ایس کا غلط استعمال کرنے والی مافیا مختلف کمپنیوں کے نام پر اپنے فرنٹ مین کے زریعے قومی خزانے کو مستقل نقصان پہچانے میں ملوث ہیں۔
کلکٹرایکسپورٹ عرفان جاوید کو مصدقہ اطلاع موصولی کہ میسرزاے کے برادرزکی جانب سے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کا ناجائز فائدہ اٹھا کر درآمدی سامان کو برآمدی کنسائمنٹ کی تیاری میں استعمال کرنے کے بجائے مقامی مارکیٹ میں مہنگے داموں میں فروخت کیا جا رہا ہے جس پر ایکسپورٹ کلکٹریٹ میں تعینات افسران نے میسرزاے کے برادرزکی جانب سے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کے تحت درآمد کئے جانے والے کنسائمنٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی تو اس امر کی نشاندہی ہوئی کہ میسرز اے کے برادرزنے ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم کے تحت کاٹن فیبرک ، پولیسٹرلیڈیز فیبرک، نٹڈ فیبرک، پائل فیبر کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔
کلکٹرایکسپورٹ کی ٹیم نے فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں یہ انکشاف ہوا کہ ایکسپورٹ فیسی لیٹیشن اسکیم2021کے تحت درآمد کردہ کنسائمنٹس کا سامان مینوفیکچرنگ بانڈ سے غائب ہیں۔ استفسار پر کمپنی ملازم نے ایک خط حوالے کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ای ایف ایس اسٹاک لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
ای ایف ایس قوانین کے تحت یہ واضح ہے کہ صارف ان قوانین کے تحت اعلان کردہ مینوفیکچرنگ سہولت کے مطابق محکمہ کسٹمزکو اطلاع دیئے بغیرسامان ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہیں کر سکتا اس لئے یہ فعل بد نیتی پر مبنی ہے جس پر محکمہ کسٹمز نے اسپیشل جج کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن کی منظوری سے مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم کی نگرانی کے دوران دبئی سے کراچی پہچنے پر آصف انعام ولد انعام الٰہی کو ائیرپورٹ کی حدود میں سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ مقدمہ 19 ستمبر کو درج کیا گیا اور ملزم کی گرفتاری 21 ستمبر کو ہوئی تھی۔اے کے بردار کے بظاہر مالک آصف انعام سے دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ ملزم ایکسپورٹ فیسلیشن اسکیم کا غلط استعمال کرنے والی مافیا کا فرنٹ مین ہے جسے گرفتاری سے بچانے کے لئے کسٹم اور دیگر اداروں کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔