
نیشنل بینک آف پاکستان میں پروموشن کے نام پر 13 جولائی کو سینٹ پیٹرک اسکول میں ہونے والا ٹیسٹ من پسند افسران کو نوازنے کا واضح شواہد فراہم کرگیا، او جی ون سے او جی تھری تک پروموشن کے لئے گزشتہ برس بھی اسی طرح کے سوالات سے من پسند افسران کو ترقی دی گئی تھی۔
نیشنل بینک آف پاکستان میں اگلے عہدے پر ترقی کے لئے کیا سوالات پوچھے گئے ہم آپ کو ایک بینکر کی آپ بیتی بتاتے ہیں اور سوالات بھی انہی کی زبانی اس میں تحریر کئے ہیں۔
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایک بینکر، جس نے بیس سے پچیس سال اس شعبے کو دے دیے، اس سے پوچھا جائے کہ سوئٹزرلینڈ کا دارالحکومت کیا ہے۔؟
کیا واقعی بینکاری کے تقاضے اب الجبرا اور ذہنی مشقوں پر آ کر رک گئے ہیں؟
کیا ایک سینئر افسر کی ترقی اس بات پر منحصر ہے کہ وہ بتا سکے کہ "آنا کارینینا کس نے لکھی؟
کیا نیشنل بینک کی ترقی اس وقت ممکن ہوگی جب ہم جان لیں کہ فٹبال ٹیم میں کھلاڑیوں کی تعداد گیارہ ہوتی ہے؟
کیا ایک تجربہ کار بینکر کی قابلیت جانچنے کے لیے یہ پوچھنا ضروری ہے کہ "الوسیو” کا انگریزی مترادف کیا ہے؟
کیا کور بینکنگ سسٹم، فنانشل کرائمز، اینٹی منی لانڈرنگ، یا اسلامی فنانس کی سمجھ سے زیادہ اہم ہے کہ ہم جانیں "مصوّر کا کینوس سے کیا رشتہ ہے”؟
کیا واقعی ایک بینکر کی ترقی کا دروازہ اسی وقت کھلے گا جب وہ آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کا نام بتا دے؟
کیا بینکنگ امتحان کا مطلب ایک جنرل نالج شو جیتنا ہے؟
کیا یہ سوچنے کا وقت نہیں آ گیا کہ ہمیں ایسے سوالات چاہییں جو یہ جانچیں کہ کیا آپ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سرکلرز کی سمجھ ہے؟
کیا آپ کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹنگ (CTR/STR) کر سکتے ہیں؟
کیا آپ نے کبھی آڈٹ میں اپریہنشن کو ہینڈل کیا ہے؟
کیا آپ کور بینکنگ سسٹم میں ایڈوانس پروسیسنگ جانتے ہیں؟
کیا آپ اسلامی فنانس کے اصولوں سے واقف ہیں؟
کیا پروموشن کا عمل صرف رسمی کارروائی بن چکا ہے؟
کیا نتائج پہلے ہی فائنل ہو چکے ہیں اور امتحان محض ایک تاثر دینے کی کوشش ہے؟
کیا ہمارے ادارے کو واقعی ایسی پالیسیوں کی ضرورت نہیں جو بینکار کو بینکنگ میں بہتر بنائیں؟
کیا سچ یہ نہیں کہ بینک کی ترقی اس وقت ممکن ہے جب اس کا افسر باعلم ہو، تربیت یافتہ ہو اور سسٹمز سے مکمل واقف ہو نا کہ وہ انگریزی لغت یا مقابلۂ معلومات کے امتحان میں ماہر ہو؟
کیا ہمیں اپنی خاموشی توڑ کر ایک مثبت اور پیشہ ورانہ اصلاح کی بات نہیں کرنی چاہیے؟
قومی بینک میں ترقی حاصل کرنے کے سوالات ان سب لوگوں کے لیے ہے جو خاموشی سے سب کچھ سہتے آ رہے ہیں مگر دل میں اب بھی ایک امید ہے کہ ہم سب مل کر یہ نظام بہتر بنا سکتے ہیں۔؟
نیشنل بینک آف پاکستان میں ترقی ایسے سوالات پر مبنی ہوگی تو بینک کا نظام چلانے کی کیا قابلیت ہوگی یہ سوالات بینکرز کی قابلیت کو نقصان کے ساتھ ادارے کی کارکردگی اور کسٹمرز سروسز پر بھی منفی اثر ہوگا۔