Screenshot_2025_0502_180320

نیشنل بینک میں 6 کروڑ روپے مالیت کے سونے کی مبینہ چوری، کیشیئر گرفتار ،گولڈ اسکیم پر سوالیہ نشان لگ گیا یے۔

جعلی دستخط، چھیڑ چھاڑ شدہ تھیلے اور 6 کروڑ کی ہیرا پھیری کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی اے نے کیشیئر کو حراست میں لے لیا۔

نیشنل بینک آف پاکستان کی گولڈ لون اسکیم پر ایک بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ ایف آئی اے گجرات نے قومی بینک کی منگوال غربی برانچ کے کیشیئر سعادت اختر کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر بینک کے اسٹرونگ روم میں رکھے گئے 60 ملین روپے مالیت کے سونے میں جعل سازی اور ہیرا پھیری کا الزام ہے۔

ایف آئی اے میں درج مقدمے کی دستاویزات کے مطابق یہ انکشاف اس وقت ہوا جب حال ہی میں تعینات کیے گئے برانچ مینیجر ارشد محمود شاہد نے 25 جولائی 2025 کو معمول کی چیکنگ کے دوران سونے کے تھیلوں میں چھیڑ چھاڑ اور جعلی دستخط کا انکشاف ہوا۔جس پر ارشد شاہد نے فوری طور پر سابق برانچ مینیجر خالد محمود سے رابطہ کیا، لیکن تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ایف آئی اے کو باضابطہ شکایت درج کرائی گئی۔

ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کر لیا ہے اور سعادت اختر کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف آئی اے کے درج مقدمے کی دستاویزات کے مطابق اس مقدمے میں سابق منیجر خالد محمود سمیت جیولرز اور دیگر خریداروں اور بینک عملے سے متعلق شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں اور شواہد ملنے پر انہیں مقدمے میں نامزد کیا جائے گا

کیا عوام کا سونا محفوظ ہے؟ قومی بینک کی گولڈ اسکیم یا گولڈ اسکینڈل کیا ہے

نیشنل بینک کی گولڈ لون اسکیم جو عوام کو اپنی قیمتی متاع بینک میں جمع کرا کے قرض لینے کی سہولت دیتی ہے، اب شدید عوامی شکوک و شبہات کا شکار ہو چکی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ جب بینک ہی میں سونا محفوظ نہ رہے، تو عوام کس پر اعتبار کرے؟یہ واقعہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ بینک کے اندرونی نظام میں سنگین خامیاں موجود ہیں جنہیں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

نیشنل بینک میں ملازمین کی تیزی سے تبادلے،اندرونی تحقیقات کے بجائے دباؤ کی سیاست اور قانونی پیچیدگیوں میں الجھتے کیسزیہ سب اس بات کی علامت ہیں کہ نہ میرٹ باقی رہا، نہ اعتماد رہا ہے۔

عوامی حلقوں اور ماہرین بینکاری کا مطالبہ ہے کہ نیشنل بینک کی گولڈ اسکیم کو از سرِ نو جانچا جائے اس کے طریقہ کار میں شفافیت لائی جائے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے جو عوام کی امانتوں سے کھیل رہے ہیں۔