Screenshot_2025_0708_194802

ایف بی آر میں تبادلوں کا طوفان، چیئرمین کی غیرموجودگی میں اعلیٰ افسران کی اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی ار) میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب چیئرمین کی چھٹیوں پر روانگی کے بعد ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی تقرری و تبادلوں کا ایک بڑا فیصلہ سامنے آیا۔

ذرائع کے مطابق پورے ملک میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں، جن میں اعلیٰ گریڈ کے افسران بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گریڈ 20 سے 22 کے 20 سینیئر ان لینڈ ریونیو افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

گریڈ 17 اور 18 کے 232 افسران کے تبادلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ انتظامی تبدیلیاں محض آغاز ہیں اور ممکنہ طور پر نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی سے قبل کسٹمز ڈیپارٹمنٹ میں بھی اسی نوعیت کے بڑے پیمانے پر تبادلوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ اقدامات ایف بی آر میں کارکردگی کے ازسرنو جائزے، داخلی اصلاحات یا بیوروکریسی کے طاقت کے توازن کو دوبارہ ترتیب دینے کی کوشش ہو سکتے ہیں۔ بعض حلقے اسے چیئرمین کی غیرموجودگی میں پالیسی کنٹرول سنبھالنے کی کوشش بھی قرار دے رہے ہیں۔

اب نگاہیں نئے چیئرمین کی تعیناتی پر جمی ہیں اور اس بات پر بھی کہ آیا یہ تبدیلیاں ادارے کی استعداد میں بہتری لائیں گی یا مزید افسرانہ سیاست کا میدان گرم کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے