Screenshot_2025_1220_161228

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے تین بڑے حفاظتی حصارایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF)، اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) اور کسٹمز—عبور کیے جانے کے بعد عمرہ مسافروں کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء کی بھاری مقدار کی برآمدگی نے ایئرپورٹ سیکیورٹی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل، محمد ہاشم، اسداللہ، وقاص اور محسن شیخ پاکستانی پاسپورٹس پر عمرہ ویزا کے تحت مملکتِ سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران کاؤنٹر افسران نے ان کی مشکوک حرکات کا نوٹس لیا۔ مزید جانچ پر انکشاف ہوا کہ نہ تو مسافروں کے پاس تصدیق شدہ ہوٹل بکنگ موجود تھی اور نہ ہی عمرہ کی ادائیگی کے لیے مناسب مالی وسائل تھے۔

امیگریشن حکام کی جانب سے سامان کی تلاشی کے دوران سگریٹ، نسوار، تمباکو، ادویاتی کریمیں، چھالیہ (Betel Nuts) اور دیگر سختی سے ممنوعہ اشیاء کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی، جو اس امر کی واضح نشاندہی کرتی ہے کہ یہ مسافر منظم غیر قانونی کاروبار کا حصہ تھے۔

مزید سنسنی خیز پیش رفت میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر سہولت کار محمد اقبال اور محمد ابراہیم کو ایئرپورٹ احاطے سے گرفتار کر لیا گیا، جنہوں نے دورانِ تفتیش غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا۔
تمام ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے نے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی چیک پوائنٹس کی کارکردگی پر شدید تحفظات پیدا کر دیے ہیں۔