Screenshot_2025_0807_220552

کسٹمز اپریزمینٹ (ویسٹ) کراچی اور کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی مشترکہ کارروائی کے دوران بھارت میں تیار کردہ ممنوعہ ٹیکسٹائل مشینری درآمد کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ مذکورہ مشینری کو چینی ساختہ ظاہر کر کے غلط بیانی سے درآمد کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق یہ کھیپ جبل علی، دبئی کے راستے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر پہنچی، جہاں ایف بی آر کے نئے رسک مینجمنٹ سسٹم (RMS 2.0) جو اس وقت ٹیسٹ رَن کے مرحلے میں ہے کی بروقت اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

تفصیلی معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ مشینری دراصل بھارتی ساختہ ہے جبکہ مینوفیکچرر مارکنگ دانستہ طور پر ہٹا دی گئی تھی تاکہ اصل ملک چھپایا جا سکے۔

حکام نے بتایا کہ مال کی مالیت تقریباً 85 ہزار 107 امریکی ڈالر ہے، اور اس حوالے سے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف کسٹمز کی مستعدی کا مظہر ہے بلکہ ایف بی آر کے اپ گریڈ شدہ آر ایم ایس 2.0سسٹم کی مؤثریت کا بھی ثبوت ہے۔