سندھ کے سسٹم سے وابستہ ایک اور بااثر سرکاری افسر کی بیرونِ ملک روانگی آخری لمحات میں روک دی گئی۔ میونسپل کمشنر افضل زیدی تعطیلات گزارنے ترکی جارہے تھے مگر پروویزنل نیشنل ائیڈیفیکشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں نام موجود ہونے کے سبب امیگریشن حکام نے انہیں ایئرپورٹ پر ہی روک دیا۔افضل زیدی ہفتہ کی علی الصبح کراچی ائیرپورٹ پہنچے تھے اور قطر ائیر ویز کے زریعے سفر کرنا چا رہے تھے لیکن امیگریشن حکام نے انہیں بتایا کہ آپ سفر نہیں کرسکتے ہیں پہلے اسٹاپ لسٹ سے نام نکلوائیں یا عدالت سے اجازت لے کر آئیں پھر سفر کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ رواں ہفتے سندھ سسٹم سے منسلک 8 ویں افسر ہیں جنہیں بیرون ملک سفر سے روکا گیا یے۔

ذرائع کے مطابق افضل زیدی کے خلاف مختلف مالی بے ضابطگیوں، مشکوک فنڈز کے استعمال اور سرکاری خریداری میں مبینہ جعل سازی کے معاملات پر تیزی سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حساس اداروں نے سندھ سسٹم سے منسلک درجنوں افسران کو خصوصی واچ لسٹ میں شامل کر رکھا ہے۔
افضل زیدی کو مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے انتہائی قریبی اور پسندیدہ افسران میں شمار کیا جاتا ہے، جس سے معاملے کی حساسیت مزید بڑھ گئی ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میونسپل کمشنر کے دستخط سے گزشتہ برسوں کے ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت اسپتالوں کے لیے مہنگے طبی آلات کی خریداری دکھائی گئی، مگر سامان نہ اسپتالوں تک پہنچا اور نہ ہی اس کا کوئی ریکارڈ مکمل ملا—جس سے بڑے پیمانے کی مبینہ جعل سازی سامنے آئی۔
سندھ کا سسٹم ایک بار پھر دباؤ میں، اور مختلف افسران کے گرد گھیرا تیزی سے تنگ ہوتا جا رہا ہے۔