
وفاقی ٹیکس محتسب نے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ کارکردگی دکھانے والے سابقہ اور موجودہ افسران کو ریوارڈ (انعامی رقم)کا فوری اجراء کریں ۔
وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ نے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن میں سپرٹنڈنٹ کار سیل سے ریٹائرڈ ہونے والے افسر طارق محمود کی درخواست پر فیصلہ دیا ہے ۔
دستاویزات کے مطابق طارق محمود نے اپنی تعیناتی کے دوران اسپیشل کار سیل میں مختلف کارروائیوں کے دوران 125 گاڑیوں کو ضبط کیا جس میں نان کسٹم پیڈ (این سی پی )اور ٹمپرڈ گاڑیاں شامل تھیں اور کسٹم نے ضبط شدہ نان کسٹم پیڈ گاڑیاں نیلام کیں تاہم ان کو دوران ملازمت قانون کے مطابق اس کارکردگی پر جو ریوارڈ (انعامی رقم) بنتی تھی وہ ادا نہیں کی جاسکی ہے ۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ ریٹائرڈ کسٹم افسر طارق محمود کو فوری طور پر یہ رقم جاری کی جائے جبکہ دیگر ایسے حاضر سروس یا ریٹائرڈ افسران ہوں انہیں قانون کے مطابق بروقت ادائیگی کی جائے اور اس کی تفصیلات سے وفاقی ٹیکس محتسب کو آگاہ کیا جائے۔