نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے پرزے کسٹم افسران کی ذاتی گاڑیوں میں لگائے جانے کا انکشاف

کسٹم اسلام آباد میں ایڈیشنل کلکٹر سطح کی خاتون افسر کی گاڑی میں نان کسٹم پیڈ گاڑی کے پرزے تبدیل کرنے کی وارادت پکڑی گئی۔

آبپارہ کے قریب ورکشاپ سے پکڑی گئی گاڑی کی تحقیقات ایف بی آر کے اعلی افسران کی مداخلت پر روک دی گئی، کسٹم کے اعلی افسران خلاف ضابطہ نان کسٹم پیڈ ٹمپرڈ گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں تعینات کسٹم کی ایڈیشنل کلکٹر سطح کی خاتون افسر نان کسٹم پیڈ گاڑی کا سامان اپنی ذاتی گاڑی میں تبدیل کرواتے ہوئے پکڑی گئی۔

واضح رہے کہ خاتون افسر کو جب خلاف ضابطہ 6 سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اپنے گھریلو استعمال کرنے پر کہا گیا کہ ایک ٹویوٹا پرییس کار نان کسٹم پیڈ تھی اسے واپس کرانے کو کہا گیا تو خاتون افسر نے حکم نامے پر عمل درآمد سے قبل کسٹم کے کنٹریکٹ میں شامل آبپارہ کے قریب ایک ورکشاپ میں اپنی ذاتی ٹویوٹا پرییس گاڑی میں سامان تبدیل کرانے کے لئے بھیج دیا اور جس وقت سامان کی تبدیلی ہورہی تھی اس وقت کسٹم اسلام آباد کے ٹرانسپورٹ افسر نے کارروائی کی اور دونوں گاڑیاں ضبط کرلیں۔

بعد ازاں ایف بی آر کے اعلی افسران کی مداخلت پر ذاتی گاڑی خاتون افسر کو واپس کی گئی اور معاملے کو کسی بھی انکوائری سے قبل نمٹا دیا گیا۔