پاکستان پوسٹ آفس نے پوسٹ ماسٹر سے یوٹیلیٹی بلز کے 15 لاکھ سے زائد کی رقم ڈکیتی میں چھن جانے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔

پوسٹ ماسٹر روزانہ بغیر سیکورٹی لاکھوں روپے تونیشیا لائن پوسٹ آفس کراچی سے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 ہیڈ آفس کراچی میں جمع کراتے ہیں۔ پوسٹ ماسٹر کی سیکورٹی وین کے زریعے رقم منتقل کرنے کی درخواست کو متعدد بار پوسٹ آفس حکام نے نظر انداز کیا۔

پاکسٹان پوسٹ آفس تونیشیا لائن کے پوسٹ ماسٹر عمران ڈار اور کلرک مرزا صلاح الدین بیگ سے شہریوں کی جانب سے جمع کروائے گئے یوٹیلیٹی بلز کی مد میں جمع ہونے والے 15 لاکھ 17200 روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ نمبر 124/24 بریگیڈ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تونیشیا لائن پوسٹ آفس کراچی میں یوٹیلیٹی بلز اور دیگر مد میں جمع ہونے والی لاکھوں روپے کی رقم یومیہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 ہیڈ آفس پوسٹ آفس کراچی کے دفتر میں جمع کروائی جاتی ہے اور اس ضمن میں پوسٹ ماسٹر تونیشیا لائن نے متعدد بار سیکورٹی وین کی درخواست کی لیکن ہر بار درخواست کو نظر انداز کردیا گیا۔

دوسری جانب اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ پوسٹل سروسز پی ای سی ایچ ایس سب ڈویژن کراچی کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق 15 لاکھ سے زائد یوٹیلیٹی بلز کی رقم پر ڈکیتی کی واردات پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنادی گئی ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی یوٹیلیٹی بلز کی رقم کی منتقلی کے دوران اگر عملے کی طرف سے کوئی کوئی غفلت برتی گئی ہے تو پوسٹ ماسٹر اور کلرک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔