NCCIA

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) ملتان نے آن لائن فراڈ کرنے والے ایک منظم اور خطرناک نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی کرداروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث اس نیٹ ورک نے "ماہانہ 30 فیصد منافع” کے سنہرے خواب دکھا کر سینکڑوں افراد کو مالی طور پر تباہ کر دیا۔

کارروائی ڈائریکٹر جنرل NCCIA اور ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالغفار کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ ملزمان کو ضلع لیہ سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ انسانی انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران پکڑے گئے۔ ڈی پی او لیہ کی معاونت سے کی جانے والی اس کارروائی میں NCCIA نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کے موبائل فونز اور ڈیجیٹل ڈیوائسز سے اہم شواہد بھی حاصل کر لیے ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار افراد نے Summit 4X Trading کے نام سے ایک جعلی آئی ٹی کمپنی بنائی تھی، جس کے ذریعے عوام کو ماہانہ منافع کا جھانسہ دے کر اربوں روپے ہتھیائے گئے۔ متاثرہ افراد سے رقم بینک اکاؤنٹس اور نقدی دونوں صورتوں میں وصول کی جاتی تھی۔

مزید کھوج پر یہ ہوشربا انکشاف سامنے آیا کہ یہی گروہ لاہور میں Optara Trading کے نام سے ایک اور جعلی کمپنی کے ذریعے بھی فراڈ کی وارداتوں میں مصروف تھا۔ گروہ کے مرکزی سرغنہ عبدالحئی اور اس کے پانچ قریبی ساتھی تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ ملک بھر تک پھیلایا جا رہا ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ یہ نیٹ ورک مختلف شہروں میں مقامی گروہوں کو تیار کر کے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا۔ مقدمہ FIR نمبر 138/25 کے تحت درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ادھر، اس کامیاب کارروائی پر لیہ کی عوام نے NCCIA ملتان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ NCCIA کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ عوام کو ایسے ہائی ٹیک دھوکوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

1 thought on “"30 فیصد منافع” کا خواب، اربوں کا فراڈ،NCCIA ملتان کی بڑی کارروائی، آن لائن نیٹ ورک بے نقاب

  1. نادر بھائی۔
    اس خبر کا عوام کو فائدہ مزید پہنچانے کے لیے
    اس گروہ کے طریقہ واردات کو سمجھائیں۔
    یہ کیسے عوام کو جھانسا دیتا تھا ؟؟
    کیا سبز باغ دکھاتا تھا؟؟
    لوگ کیوں اتنے لالچی ہو چکے ہیں؟ یہ بھی سمجھائیں

Comments are closed.