فیڈرل ٹیکس محتسب (FTO) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور بالخصوص کمشنر ان لینڈ ریونیو، ریفنڈ زون، آر ٹی او-II کراچی اور متعلقہ افسران کے خلاف ایک سخت، غیرمعمولی اور فیصلہ کن حکم جاری کرتے ہوئے انہیں بدانتظامی کا مرتکب قرار دے دیا ہے۔


یہ فیصلہ میسرز اسکائی ہاک کی جانب سے ٹیکس سال 2014 کے معاملے پر دائر شکایت پر سنایا گیا، جس میں ان لینڈ ریونیو کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال، عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی اور ٹیکس دہندہ کو مالی و ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے کے الزامات درست ثابت ہو گئے۔
دستاویزات کے مطابق ان لینڈ ریونیو نے 27 اگست 2018 کو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 122 کے تحت ایک کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد کا غیرقانونی ٹیکس ڈیمانڈ قائم کیا اور قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بینک اکاؤنٹ منجمد کر کے 52 لاکھ روپے سے زائد رقم زبردستی وصول کر لی۔


متاثرہ ٹیکس دہندہ نے اس اقدام کے خلاف کمشنر ان لینڈ ریونیو (اپیلز-V)، کراچی سے رجوع کیا، جنہوں نے 12 فروری 2019 کو آرڈر اِن اپیل نمبر 22 کے ذریعے اس اسیسمنٹ آرڈر کو کالعدم قرار دیتے ہوئے محکمہ کو واضح اور دوٹوک ہدایت دی کہ معاملہ قانون کے مطابق ازسرِنو نمٹایا جائے۔
ایف ٹی او کے فیصلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو نے نہ صرف اپیلیٹ احکامات کو دانستہ طور پر نظرانداز کیا بلکہ چھ سال سے زائد عرصہ تک اپیل ایفیکٹ جاری ہی نہیں کیا۔ بالآخر 24 نومبر 2025 کو اپیل ایفیکٹ جاری کیا گیا تاہم اس میں بھی بینک اٹیچمنٹ کے ذریعے وصول شدہ رقم کا کریڈٹ شامل نہیں کیا گیا، جس کے باعث ٹیکس دہندہ اپنے جائز اور قانونی ریفنڈ سے محروم رہا۔
فیڈرل ٹیکس محتسب نے اس روئیے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریکارڈ کیا کہ محکمہ کے نمائندگان 28 نومبر، 5 دسمبر اور 12 دسمبر 2025 کو ہونے والی سماعتوں میں پیش ہی نہیں ہوئے اور نہ ہی کوئی تحریری مؤقف جمع کروایا جو محکمہ کی غفلت، غیر سنجیدگی اور ادارہ جاتی بدنیتی کا کھلا ثبوت ہے۔
ایف ٹی او کے مطابق اپیلیٹ احکامات پر عملدرآمد میں غیرمعمولی تاخیر، غیرقانونی بینک اٹیچمنٹ، زبردستی وصولیاں اور ٹیکس دہندہ کو طویل عرصے تک مالی و ذہنی اذیت میں مبتلا رکھنا واضح طور پر بدانتظامی کے زمرے میں آتا ہے، جو قانوناً ناقابلِ قبول ہے۔
فیڈرل ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو واضح اور فوری احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چیف کمشنر آر ٹی او-II کراچی چھ سالہ غیرقانونی تاخیر اور غفلت کے ذمہ دار افسران کا تعین کریں
ایف ٹی او کی مسلسل سماعتوں میں عدم حاضری پر ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔
کمشنر ان لینڈ ریونیو، زون-III اپیل ایفیکٹ فوری طور پر درست کریں اور زبردستی وصول کی گئی مکمل رقم کا کریڈٹ دیا جائے۔
کمشنر ریفنڈ زون، آر ٹی او-II ٹیکس سال 2014 کا ریفنڈ بلا تاخیر قانون کے مطابق نمٹائیں
45 دن کے اندر مکمل عملدرآمد رپورٹ ایف ٹی او میں جمع کروائی جائے۔