
ڈرگ کورٹ روالپنڈی نے لائسنس کے بغیر اور غیر رجسٹرڈ دوائیں فروخت کرنے کے الزامات میں ملزم کو مجموعی طور پر دس برس قید اور 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانے کی سزا سنادی۔
ڈرگ کورٹ روالپنڈی کے چیئرمین فیصل بٹ،ممبر کورٹ ڈاکٹر اظہر علی حیدر اور شاہد ظفر پر مشتمل بینچ نے وارسک روڈ آرمی ہاؤسنگ کالونی پشاور کے رہائشی انیس اقبال ولد رفعت اقبال کو غیر رجسٹرڈ دواؤں کے مقدمہ الزام نمبر3908/2019 میں سات برس قید اور 4 کروڑ جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 18 ماہ جیل میں گزارنے ہوں گے جبکہ اسی مقدمے میں بغیر لائسنس دوائیں فروخت کرنے پر بینچ نے مزید 3 برس قید اور 50 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی اور اس سزا میں جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ جیل میں گزارنے ہوں گے ۔
یادرہے کہ یہ مقدمہ پوٹھوار ٹاؤن روالپنڈی کے انسپکٹرز آف ڈرگ نے درج کیا تھا
اس کیس میں علیحدہ علیحدہ سزاؤں کے فیصلے میں مجرم کو مجموعی طور پر 10 برس قید اور ساڑھے 4 کروڑ جرمانہ عائد ہوا ہے اور دونوں سزاؤں کے جرمانوں کی عدم ادائیگی پر مزید دو برس قید گزارنا ہوگی ۔عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل میں قید مجرم کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا یے۔