جامعہ کراچی کے شعبۂ کیمیکل انجینئرنگ نے ادارۂ انجینئرز پاکستان (IEP) کراچی سینٹر کے اشتراک سے پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے پائیدار گرین انرجی، ماحولیات اور ڈیجیٹل اختراع 2026 (ICSGEEDI–2026) کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ دو روزہ کانفرنس 23 اور 24 جنوری 2026 کو منعقد ہوئی۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف بایوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (KIBGE)، جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی جبکہ دوسرے روز تکنیکی سیشنز ادارۂ انجینئرز پاکستان کراچی سینٹر میں ہوئے۔ اس بین الاقوامی کانفرنس نے اساتذہ، محققین، صنعت سے وابستہ ماہرین اور طلبہ کو پائیدار توانائی، ماحولیاتی حل اور جدید ڈیجیٹل اختراعات پر تبادلۂ خیال اور اشتراک کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔

افتتاحی سیشن کی صدارت وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی، جبکہ ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل اور چیئرپرسن شعبۂ کیمیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ اشتیاق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ پہلے دن کی تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین اور ترک قونصلیٹ جنرل کراچی کے ڈپٹی اتاشی مسٹر احمد مرات شیکرالمز شامل تھے۔
کانفرنس کے دوسرے روز چیف گیسٹ چیئرمین چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی (CIEC)، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر سروش ہاشمت لودھی تھے جبکہ مہمانِ اعزاز ملائیشیا کے قونصلیٹ جنرل کراچی کے سربراہ مسٹر ہرمن ہارڈیناتا احمد تھے۔

کانفرنس میں دنیا بھر سے معروف بین الاقوامی ماہرین نے کلیدی خطابات کیے جن میں پروفیسر ڈاکٹر اٹیلا ایوسن (ترکی)، ڈاکٹر محمد دانیال ابراہیم (ملائیشیا)، ڈاکٹر سید فرحان حسنائی (ترکی)، پروفیسر ڈاکٹر محفوظ سومرو (آسٹریلیا) اور پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمد مجتبیٰ (برطانیہ) شامل تھے۔ آن لائن کلیدی خطابات میں ڈاکٹر یاسمین تبک (ترکی) اور پروفیسر ڈاکٹر ارنیسٹو سالزانو (اٹلی) شامل رہے۔ قومی سطح کے کلیدی مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس (یو ای ٹی پشاور)، ڈاکٹر خرم شہزاد (جامعہ پنجاب لاہور) اور پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد سومرو (قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ) شامل تھے۔
دوسرے دن کے تکنیکی پروگرام میں سات متوازی سیشنز منعقد ہوئے جن میں تقریباً 30 تحقیقی مقالے پیش کیے گئے، جن میں 6 بین الاقوامی اور 24 قومی و مقامی مقالے شامل تھے، جبکہ پوسٹر مقابلے میں 40 سے زائد تحقیقی پوسٹرز پیش کیے گئے۔ کانفرنس میں 100 سے زائد مندوبین نے شرکت کی جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 300 شرکاء شریک ہوئے۔
کانفرنس کو سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی سرپرستی حاصل رہی جبکہ مختلف صنعتی اداروں جن میں لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ، سینرجیکو پاکستان لمیٹڈ، نوواٹیکس لمیٹڈ، آرٹسٹک ملینرز، لکی سیمنٹ، ٹیکنیکل کلر سلوشن، سیماگ انٹرپرائزز، ہربیون نیچرلز اور انجینئرنگ کنسلٹنٹس انٹرنیشنل شامل ہیں، نے اسپانسرشپ فراہم کی۔ تعلیمی اشتراک قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نوابشاہ، این ای ڈی یونیورسٹی اور داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے فراہم کیا۔
کانفرنس کا ایک اہم اور نمایاں نتیجہ ترکی کی افیون کوجاتیپے یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی صورت میں سامنے آیا، جسے بین الاقوامی تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔
کانفرنس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ اشتیاق نے کی جبکہ ڈاکٹر احسن عبدالغنی اور ڈاکٹر عدیل الرحمٰن نے کانفرنس سیکریٹریز کے فرائض انجام دیے۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں ڈاکٹر عبیدالرحمٰن، ڈاکٹر محمد شعیب سلیم، انجینئر حکیم علی پھل سمیت جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ شامل تھے۔ کانفرنس کی کامیابی میں جامعہ کراچی کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ رضاکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔